لاہور(نمائندہ خصوصی)سینئر سیاستدان ہمایوں اختر خان اور وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر کے والد جنرل اختر عبدالرحمن خان شہید کی 37 ویں برسی نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ اس موقع پر عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد نے آرمی قبرستان راولپنڈی میں ان کی قبر پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا، جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبولؐ پیش کی گئی۔ بعد ازاں جنرل اختر عبدالرحمن خان شہید کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔شرکائے تقریب نے اس موقع پر ان کی عسکری خدمات، قومی سلامتی کے لئے دی گئی قربانیوں اور وطنِ عزیز پاکستان کے دفاع کے لئے ان کی گرانقدر جدوجہد کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔