کراچی( ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان “کےمیزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے، یہ وقت سیاست نہیں یکجہتی کا ہے، 27ویں آئینی ترمیم قیاس آرائیاں ہیں۔ پروگرام میں تجزیہ کار روف کلاسرا کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ کسی بڑی سیاسی تبدیلی کی طرف نہیں بڑھ رہی جبکہ اطہر کاظمی کا کہنا تھا کہ نئے صدر یا وزیراعظم سے متعلق گردش کرنے والی خبروں میں کوئی ٹھوس پیش رفت نظر نہیں آ رہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات ،عطا اللہ تارڑنے پروگرام میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کو ”قومی آفت“ قرار دیتے ہوئے مزیدکہا کہ پوری قوم اس وقت دکھ اور افسوس کی کیفیت میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس آفت میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں اور املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف گزشتہ دو ماہ سے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کے دورے کر رہے تھے۔ وہاں نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کیا گیا ہے، جہاں سیٹلائٹ امیجنگ کی مدد سے ایک ارلی وارننگ سسٹم نصب کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق دو ہفتے قبل ہونے والی اہم میٹنگ میں خیبر پختونخوا سمیت تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور انتظامیہ موجود تھی اور انہیں ممکنہ خطرات سے بروقت آگاہ کیا جاتا رہا۔عطا اللہ تارڑ نے بتایا کہ وفاقی حکومت اور NDMA کی جانب سے ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں مسلسل کوآرڈینیشن جاری ہے۔ مختلف اضلاع میں وفاقی وزرا کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ وہ امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر سکیں۔ ان وزرا میں اویس لغاری، امیر مقام اور دیگر شامل ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے مسلسل امدادی سامان روانہ کیا جا رہا ہے جس میں ادویات، راشن، خیمے، واٹر پمپ، جنریٹرز اور کمبل شامل ہیں۔ یہ سامان مقامی انتظامیہ کے حوالے کیا جا رہا ہے تاکہ متاثرہ عوام تک فوری طور پر پہنچایا جا سکے۔ وزیر اطلاعات نے اس موقع پر خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے بیان کو سراہا کہ انہوں نے وزیراعظم سے رابطے اور ان کی دلچسپی کا اعتراف کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں، بلکہ یکجہتی کا ہے۔ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے بیرسٹر سیف کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ وہ خود فیلڈ میں جائیں اور حالات کا جائزہ لیں۔