لاہور ( نمائندہ جنگ )لودھراں کے قریب عوام ایکسپریس کی 4بوگیاں پٹڑی سے اُتر گئیں جس کی وجہ سے ایک مسافر ہلاک اور 33زخمی ہوگئے ،سگنل ڈاؤن ہونے کے باوجود ڈرائیور نےبریک نہ لگائی ، ٹرین اوور شوٹ ہو کرسینڈاپ میں جاگھسی ، پانچ بوگیاں ڈی ریل، لگیج وین سمیت تین بوگیاں الٹ گئیں۔ وزیر ریلوے نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیکر 7دن میں رپورٹ طلب کرلی۔ تفصیلات کےمطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب پشاور سے کراچی جانے والی عوام ایکسپریس لودھراں ریلوے اسٹیشن کے قریب اس وقت حادثہ سے دوچار ہوگئی جب ڈرائیور کی جانب سےسگنل ڈاؤن ہونے کے باوجود بریک نہ لگانے سے ٹرین اوور شوٹ ہو کرسینڈاپ میں جاگھسی جس کے نتیجے میں ٹرین کی پانچ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں اور لگیج وین سمیت تین بوگیاں الٹ گئیںجس سکے نتیجے میں ایک مسافر جاں بحق اور 23دیگر زخمی ہو گئے جن میں سے دو کی حالت نازک ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر بہاولپور ہسپتال اور ڈی ایچ کیو ہسپتال لودھراں میں طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ دوسری جانب ریلوے کو کوچز کے تباہ ہونے سے کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑاجبکہ ریلوے سسٹم پر کوچز کی مزید کمی پیدا ہو جائے گی ،حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور بوگیوں میں پھنسے مسافروں کو نکال کر ہسپتال منتقل کیا، تاہم حادثے کے باعث اپ اور ڈاؤن ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت کچھ وقت کے لئے متاثر ہوئی اور بعد ازاں عوام ایکسپریس کو بھی مرمت اور کلیئرنس کے بعد دوبارہ روانہ کردیا گیا۔حادثہ کی جوائنٹ رپورٹ میں بھی حادثہ کو ڈارائیور کی غفلت اور اوور شوٹ قرار دیا گیا ہے ۔