کراچی (سید محمد عسکری) میڑک بورڈ کراچی میں معطل کئے گئے گریڈ 18؍ کے تین ڈپٹی کنٹرولرز حبیب اللہ سہاگ، عمران بٹ، خالد احسان اور گریڈ 17کے اسسٹنٹ سیکرٹری محمد عارف کی اور دیگر 3؍ ملازمین کی معطلی کو ایک سال سے زائد عرصہ گزر گیا ہے مگر نہ تو ان کے خلاف تحقیقات مکمل کی جاسکیں نہ ہی انہیں اپنے عہدوں پر بحال کیا گیا ہے جس کی وجہ سے میٹرک بورڈ کراچی کو انتظامی بحران کا سامنا ہے جبکہ نتائج الگ تاخیر کا شکار ہورہے ہیں۔ ظہیرالدین بھٹو کے بعد ایک اور کنٹرولر باہر سے لایا جارہا ہے۔ معطل کئے گئے افسران کے خلاف اینٹی کرپشن کی تحقیقات بھی انتہائی سست روی سے جاری ہیں، ڈپٹی کنٹرولر خالد احسان جو قائم مقام کنٹرولر کے طور پر کام کررہے تھے انہیں 20جون 2024ء کو محکمہ بورڈز و جامعات نے ایک امتحانی مرکز کی تبدیلی کے معاملے معطل کیا تھا جس کے بعد سے وہ تاحال معطل ہیں۔ ڈپٹی کنٹرولر عمران بٹ جو قائم مقام کنٹرولر بھی تھے انھیں ڈپٹی کنٹرولر حبیب اللہ سہاگ کے ساتھ 4جون 2024ء کو میٹرک کے 93؍ نتائج تبدیل کرنے کے الزام میں معطل کیا گیا اور ان کا معاملہ اینٹی کرپشن کے حوالے کردیا گیا لیکن ایک برس گزر جانے کے باوجود اینٹی کرپشن تحقیقات مکمل نہ کرسکا اور نہ یہ افسران بحال ہوئے۔ گزشتہ برس گریڈ 17؍ کے اسسٹنٹ سیکرٹری محمد عارف، سپرٹینڈنٹ محمد اقبال، کلرک یزدہ اور کلرک ریحان کو فیل امیدوار کو سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے الزام معطل کردیا گیا ، سیکرٹری میٹرک بورڈ نوید گجر کے خلاف بھی کارروائی کی ہدایت کی گئی تھی تاہم سیکرٹری میٹرک بورڈ نوید گجر کو بچالیا گیا اور ان کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی جب کہ سرٹیفکیٹ پر سیکرٹری کے ہی دستخط ہوتے ہیں۔ ادھر چیئرمین بورڈ غلام حسین سہو نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مقرر کردہ کنٹرولر ظہیر بھٹو کو ہٹا کر گریڈ 17؍ کے اسسٹنٹ کنٹرولر طارق کو کنٹرولر مقرر کیا تو معاملہ عدالت میں چلا گیا اور عدالت نے گریڈ 17؍ کے کنٹرولر کو ہٹانے کا حکم جاری کیا جس کے بعد میٹرک بورڈ میں کوئی کنٹرولر نہ رہا۔ سیکرٹری بورڈز و جامعات عباس بلوچ کا جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چیئرمین بورڈ غلام حسین سہو کو کنٹرولر مقرر کرنے یا ہٹانے کا اختیار ہی نہیں یہ اختیار تو وزیر اعلیٰ سندھ کا ہے ظہیر بھٹو کو کنٹرولر کا عہدہ چھوڑنا نہیں چاہیے تھا۔ عباس بلوچ کا مزید کہنا تھاکہ میٹرک بورڈ کراچی کنٹرولر کیلئے سمری وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کردی گئی ہے۔ جنگ کو معلوم ہوا ہے کہ چیئرمین بورڈ نے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر حمزو خان تگڑ کو کنٹرولر بنانے کی سفارش کی ہے جنھیں تین ماہ کیلئے میٹرک بورڈ میں کنٹرولر مقرر کیا جارہا ہے۔