کراچی (اسٹاف رپورٹر) بابائے اردو مولوی عبدالحق کی برسی کے موقع پر ان کے مزار پر گل فشائی کے دوران اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری موجود نہیں تھے ۔ اور اس سال اردو یونیورسٹی کی جانب سے اس ادارہ کے بانی مولوی عبدالحق کی یاد میں کوئی تقریب منعقد نہیں کی گئی۔ ریٹائرڈ اساتذہ و ملازمین کمیٹی کے کنونیر ڈاکٹر توصیف احمد خان نے کہا کہ وفاقی اردو یونیورسٹی کے قیام کے بعد سے یہ پہلا موقع ہے کہ یونیورسٹی کے کسی وائس چانسلر نے بابائے اردو کی برسی کے موقع پر ان کے مزار پر حاضری نہیں دی۔ وفاقی اردو یونیورسٹی کے پہلے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم سے لے کر اب تک کے تمام وائس چانسلر حضرات نے ہر سال مولوی عبدالحق کی برسی کے موقع پر ان کے مزار پر حاضری دی اور اس موقع پر منعقدہ تقاریب میں مولوی عبدالحق کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی جاتی رہی۔