کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی سی بی چیف محسن نے بورڈ حکام کوتاخیر کے شکار کرکٹرز سینٹرل کنٹریکٹ کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کردی، دوسری جانب قومی کھیل کی مدد کا بیڑا بھی اٹھالیا۔ انہوں نے ہاکی کھلاڑیوں کیلئے دس، دس لاکھ روپے انعام کا بھی اعلان کیا ہے۔ یاد رہے کہ پاکستانی کرکٹرز کو نئے سینٹرل کنٹریکٹ یکم جولائی سے جاری ہونا تھے تاہم ابھی تک پی سی بی حکام اور ٹیم انتظامیہ کے درمیان اس بارے میں مشاورت ہورہی ہے۔ امکان ہے کہ 21اگست کو متحدہ عرب امارات رونگی سے قبل کھلاڑیوں کو نئے سینٹرل کنٹریکٹ جاری ہوجائیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے سینٹرل کنٹریکٹس کو حتمی شکل دینے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ سینٹرل کنٹریکٹس 26-2025ء میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کا امکان ہے۔ بابر اعظم اور محمد رضوان کا کئی سال بعد اے کٹیگری میں جگہ برقرار رکھنا مشکل ہے۔ کوچز، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس، فنانس اور انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹس کی سینٹرل کنٹریکٹ سے متعلق مشاورت آخری مرحلے میں ہے۔ دریں اثنا کرکٹ بورڈ چیف محسن نقوی نے قومی کھیل ہاکی اور ان کے کھلاڑیوں کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ لاہور میں انہوں نے قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل کی سے ملاقات کی جس میں کھلاڑیوں کی ویلفیئر اور ری ہیب کے مسائل پرتبادلہ خیال کیا گیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہاکی کھلاڑیوں کے میڈیکل اور فٹنس کیسز پی سی بی کی پیشہ وارانہ میڈیکل ٹیم ہینڈل کرے گی جب کہ پی سی بی کی لاجسٹک ٹیم ہاکی پلیئرز کو سہولت دے گی۔ ہاکی پلیئرز کے ویزا ایشوز کو بھی حل کروایا جائے گا۔ ہماری لاجسٹک ٹیم ہاکی پلیئرز کو سہولت دے گی۔ محسن نقوی نے ہاکی کے کھیل کی بحالی کیلئے ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ پرو ہاکی لیگ کیلئے قومی ٹیم کا کوالیفائی کرنا اعزاز ہے۔ قومی ٹیم کی پرو ہاکی لیگ میں شرکت کے حوالے سے اپنا پورا کردار کروں گا۔ ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پر کپتان عماد بٹ نے ملاقات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی سے ملنا اعزاز کی بات ہے ۔ ان کی راہنمائی اور پروہاکی لیگ میں پاکستان ٹیم کی شمولیت کی یقین دہانی کروانے ، کھلاڑیوں کی ویلفیئر اور میڈیکل اینڈ فٹنس سہولیات مہیا کرنے پر مشکور ہوں ۔ ہاکی ٹیم کیلئے نقد انعام کا اعلان کرنے بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔ عماد شکیل بٹ نے محسن نقوی کو نشان امتیاز ملنے پر مبارکباد دی۔ محسن نقوی کو کھیل کی بحالی اور پرو ہاکی لیگ میں شرکت کے معاملات سے آگاہ کیا ۔ واضح رہے کہ ماضی میں سابق چیئرمین لیفٹنٹ جنرل (ر) توقیر ضیاء نے بھی پاکستان فیڈریشن کی مالی مدد کی تھی اس وقت پی ایچ ایف کے سربراہ لیفٹنٹ جنرل (ر) عبدالعزیز تھے۔