اسلام آباد(مہتاب حیدر/ایجنسیاں)عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی فچ نے اپنی رپورٹ میں پاکستان کی حقیقی شرح نمو 2027 تک 3.5 فیصد ہونے کا امکان ظاہر کیا ہےجبکہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ہدایات کے تحت حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام وفاقی ادارے، بشمول کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی ، نیشنل ہائی وے اتھارٹی‘ پاکستان ریلوے اور دیگر، رائٹ آف وے چارجز معاف کریں گے۔وفاقی ملازمین کی تنخواہیں‘پنشن اور وینڈر ادائیگیاں صرف راست (Raast) یا بینک ٹرانسفر کے ذریعے کی جائیں گی۔ تمام بجلی، ٹیلی فون اور گیس کے بلوں پر QR کوڈ پرنٹ کیے جائیں گے تاکہ ڈیجیٹل ذرائع سے ادائیگی ممکن ہو۔ حکومت یہ یقینی بنائے گی کہ تمام پبلک ورکس ڈویژنز SAP پر مبنی ادائیگی کے نظام کو استعمال کریں۔ اسی طرح CDA، ایکسائز، IESCO، نادرا اور دیگر محکموں کے فیس کاؤنٹرز پر QR کوڈ کے ذریعے ادائیگی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ وفاقی خریداریوں میں ڈیجیٹل انوائسنگ اور وینڈر ادائیگیوں کے لیے ایک معیاری نظام نافذ کیا جائے گا۔