لاہور، ٹوکیو (جنرل رپورٹر، عرفان صدیقی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہےکہ معیشت کی بہتری میں اوورسیز پاکستانیوں کا بڑا حصہ ہے،عنقریب پنجاب میں انفرااسٹرکچر جاپان کے معیار تک لے آئینگے،وزیراعلیٰ کا جاپان کے تجارتی، ثقافتی مرکز یوکوہاما کا دورہ،مختلف شعبوں میں ”سٹی ٹو سٹی“ تعاون پر اتفاق، روڈا اور یوکو ہاما میں تعاون کے مختلف امکانات پر غور ، بچوں کو ہنرمندی سکھانے کے مرکز پہنچ گئیں ،کاغذ اور دیگر اشیاء سے چیزیں بناتے دیکھا،’ریڈ برِک وئیر ہاؤس‘ کی انتظامیہ کی بہترین کاوشوں کو خراج تحسین ، بارش سے متاثرہ راستوں سے رکاوٹیں ہٹا کر آمدورفت بحال کی جائے ، پنجاب میں ممکنہ کلاؤڈ برسٹ اورطوفانی بارشوں کے پیش نظر ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی۔ دریں اثنا جاپان کے شہر یاکو ہاما میں اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کی بہتری میں اووسیز پاکستانیوں کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔ اووسیز پاکستانی خون پسینے سے کمایا پیسا وطن بھیجتے ہیں،یہ پیسہ ترقی پر خرچ ہونا چاہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کیخلاف جنگ جیتنے پر سب کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔پنجاب میں اب جاپان جیسی ترقی دکھائی دیگی، اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کریں گے،انتظار نہیں کرنا پڑیگا۔بہت عرصے بعد وطن سے دور رہنے والوں کو اچھی خبر ملی۔ پاکستان سے اچھی اچھی خبریں آرہی ہیں۔ اوورسیز کا جلسہ دیکھ کرایسا لگ رہا ہے جیسے لاہورمیں جلسہ کررہی ہوں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جب بیرون ملک مقیم پاکستانی پیسہ بھیجے تو ان کے بچوں کو اچھی تعلیم اور اچھا ماحول ملنا چاہیے۔ترسیلات زر میں اضافہ حکومت کی پالیسیوں پر عوام کا اعتماد ہے۔مہنگائی کی شرح چند ماہ میں 38سے3/4 فیصد پر آگئی۔جاپان کی ترقی،صفائی اورانفراسٹرکچر دیکھ کر پاکستانی میں بھی ایسی ترقی، صفائی اورانفراسٹرکچر چاہتے ہیں۔پنجاب کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نااہل لوگوں کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی دوبارہ شروع ہوگئی تھی۔نوازشریف اورشہبازشریف نے برسوں کی محنت سے بہترین سڑکیں بنائیں۔ نااہل لوگوں کی وجہ سے سڑکوں میں گڑھے بن گئے۔ پنجاب کو جاپان کے انفراسٹرکچر کے لیول پر لانا چاہتے ہیں۔ پہلے غریب کو ہسپتال میں دوائی نہیں ملتی تھی اب 90فیصد دوائیاں مفت ملتی ہیں۔چند ماہ میں 6/7ہزار بچوں کی ہارٹ سرجری ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب کے بعد سدھرا پنجاب بن رہا ہے۔پرتپاک استقبال پر اوورسیز پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ نوازشریف نے جاپان میں مقیم بھائیوں کو سلام بھیجا ہے۔جاپان کے شہر یاکو ہاما میں شاندار استقبال پر حیران ہوں۔