کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان میں منگل کو ہونے والی بارش کے بعد کراچی کے ڈوبنے ، شہریوں کی پریشانی پر سندھ اور بلدیاتی حکومت کو ذمے دار قرار دے دیا،صوبائی حکومت کی نااہلی، تعصب اور کرپشن نے کراچی کو ڈبو دیا ہے جبکہ بارش کے ساتھ ہی بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر کے الیکٹرک کو تنقید کا نشانہ بنایا،حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے کہا ہے کہ کراچی بارش کے بعد مکمل طور پر ڈوب چکا ہے جبکہ سندھ حکومت اور ناکام بلدیاتی نظام تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے بلدیاتی نمائندے اس مشکل وقت میں کہیں دکھائی نہیں دے رہے،جگہ جگہ گٹر ابل رہے ہیں، کچرے کے ڈھیروں سے اٹھنے والا تعفن شہریوں کی زندگی کو عذاب بنا رہا ہے اور برساتی نالوں کی بروقت صفائی نہ ہونے کے باعث صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔ صوبائی حکومت کی نااہلی، تعصب اور کرپشن نے کراچی کو ڈبو دیا ہے۔ ناکام بلدیاتی نظام عوام دشمن رویوں کی عکاسی کرتا ہے،دریں اثناء مرکزی رہنماء اور رکن قومی اسمبلی خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ بارش کے بعد کراچی اندھیروں میں ڈوب گیا ، 800 سے زائد فیڈرز کا بند ہونا کے الیکٹرک کی عوام دشمنی اور مجرمانہ غفلت کا کھلا ثبوت ہے،کے الیکٹرک منیجمنٹ جواب دے کہ بارشوں کے دوران اسلام آباد اور لاہور کے فیڈر کیوں ٹرپ نہیں ہوتے، لیکن کراچی کے شہری ہر بارش کے ساتھ اذیت سہنے پر مجبور کیوں ہیں۔