کراچی (ٹی ی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں میزبان نےتجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج سے33 سال پہلے بھی کراچی کا یہی حال تھا جو اس وقت ہے،مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضرور ت اس بات کی ہے کہ بارش کے پانی کی نکاسی کی صلاحیت کو بڑھایا جائے،پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹرز ڈاکٹر عرفان علی،ڈاکٹر عمر برنی،ڈاکٹر محمد عدیل خالدنے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ غزہ کی 50فیصد سے زائد عوام معذور ہو چکی ہے تاہم ان کے حوصلے بلند ہیں۔میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں مسلسل ہونے والی با رش سے شہر سیلابی صورتحال کا شکار ہے، سڑکوں پر پانی کھڑا ہو گیا ہے اور گاڑیاں پانی میں ڈوب چکی ہیں جب کہ کراچی کے رہائشیوں کا کافی نقصان ہو چکا ہے۔گاڑیوں کے بند ہونے سے کراچی کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک جام جس کے باعث شہریوں کو گھر واپسی پر شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ لوگوں کے گھروں اور اسپتال کے ایمرجنسی وارڈزمیں بھی پا نی داخل ہونے سے اسپتال میں پہنچنے والے مریضوں کو شدید دشواری پیش آ رہی ہے۔ بارش سے ہونے والے مختلف حادثات میں کئی افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ ملک کے مختلف شہروں سے آنے والی پروازیں بھی منسوخ ہو گئیں۔