ملتان (سٹاف رپورٹر) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی تزئین و آرائش اور انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ شہر کے داخلی راستوں کو دلکش اور منفرد بنانے کیلئے جامع اقدامات شروع کیے جا رہے ہیں۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ قادر پور راں تا چوک کمہاراں والہ، شیر شاہ انٹرچینج تا گیلانی فلائی اوور سمیت مختلف شاہراہوں کی تزئین و آرائش پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ایم ڈی اے 50 ملین روپے کی لاگت سے قادر پوراں تا چوک کمہاراں سڑک کو اپ گریڈ کریگی، جبکہ ناگ شاہ تا گیلانی فلائی اوور روڈ کی تزئین و آرائش بھی اس منصوبے میں شامل ہے۔انہوں نے بتایا کہ 10کلومیٹر طویل اولڈ شجاع آباد روڈ پر اسٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں گی، جبکہ ناگ شاہ فلائی اوور کے اطراف تجاوزات ختم کرکے دیواروں پر فن پارے بنائے جائینگے۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ داخلی راستوں پر درخت اور پھول دار پودے لگائے جائیں چونگی نمبر 9 اور سیداں والا بائی پاس پر جدید ڈیجیٹل ٹریفک سگنلز نصب کیے جا رہے ہیں، کلمہ چوک روڈ کو کشادہ کیا جا رہا ہے اور 20 ملین روپے کی لاگت سے ایک اضافی لین شامل کی گئی ہے۔ کمشنر عامر کریم خاں نے واضح کیا کہ سنٹرل میڈین کو نقصان پہنچانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ناگ شاہ تا شیر شاہ انٹرچینج 3 کلومیٹر طویل سڑک پر 270 تیار درخت لگائے جائینگے، جبکہ گیلانی فلائی اوور تا توکل ٹاؤن اور توکل ٹاؤن تا ناگ شاہ اسٹریٹ لائٹس نصب ہوں گی۔