کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بارش ہوگی تو پانی جمع ہوگا، بارش رُکے گی تو پانی نکال دینگے، ہماری بھی کوتاہیاں ہونگی لیکن حکومت کام کررہی ہے، آج ہم نے عام تعطیل کا اعلان کیا ہوا ہے لیکن لوگ پھربھی باہر نکلے ہوئے ہیں، لوگوں کو خود بھی خیال رکھنا چاہیے، تعطیل کا مطلب ہے گھروں پر رہیں، بدقسمتی سے وہی لوگ حکومت پر الزام تراشی کر رہے ہیں جنھوں نےکراچی کو تباہ کیا ، میں کسی پر تنقید نہیں کرنا چاہتا، لیکن یہ گزارش ضرور کروں گا کہ ہر ایک اپنی اپنی ذمہ داری پوری کرے، حکومت اپنی ذمہ داری نبھا رہی ہے مگر شہریوں اور میڈیا دونوں کو ذمہ داری کا ثبوت دینا ہوگا، گزشتہ روز کراچی میں شدید بارش کے باوجود شہر میں پانی کی نکاسی رات گئے مکمل طور پر کر دی گئی، کراچی میں سڑکوں کی کٹنگ کے معاملے پر مختلف اداروں کی اپنی اپنی اجازت دینے کی پالیسی نے شہریوں کو مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ یہی وہ بنیادی وجہ ہے جسکی وجہ سے شہر کی سڑکیں بار بار کھنڈر کا منظر پیش کرتی ہیں۔ممبئی میں بھی شدید بارش ہوئی جہاں 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ انہوں نے کہا یہ بات بھی اہم ہے کہ ممبئی کی اوسط برسات کراچی سے تقریبا دس گنا زیادہ ہے اور اس وقت ممبئی بھی بارش کے باعث ڈوبا ہوا ہے،صرف دو سے تین گھنٹے کی بارش کے دوران شہر میں پانی جمع ہو گیا، گاڑیاں بند ہوئیں اور متعدد شہریوں کو اپنی گاڑیاں سڑکوں پر چھوڑ کر پیدل جانا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال اس لیے پیدا ہوئی کہ سب ایک ساتھ سڑکوں پر نکل آئے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے صوبائی وزراء کے ہمراہ شہر کا دورہ کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو میں کیا ، صوبائی وزرا شرجیل انعام میمن اور سعید غنی انکے ہمراہ تھے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حالیہ بارشیں مقامی نہیں بلکہ عالمی موسمیاتی تبدیلیوں کا تسلسل ہیں، جنکے اثرات دنیا بھر کی طرح پاکستان اور کراچی پر بھی نمایاں ہو رہے ہیں۔ پچھلے ہفتےکے پی،گلگت میں بارشوں سے 400 افراد جاں بحق ہوئے۔ وزیراعلی سندھ نے اپنے دورے کا آغاز شاہراہ فیصل سے کیا جہاں انہوں نے برساتی پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیراعلی سندھ نے شہری اداروں اور انتظامیہ کو مکمل الرٹ رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نکاسی آب اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ دورے کے دوران وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ فریئر ہال پہنچے جہاں انہیں میئر کراچی نے برساتی صورتحال اور شہر میں جاری کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وزیراعلی نے نرسری نالے کا معائنہ بھی کیا اور نکاسی آب کے بہاؤ کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر میئر کراچی نے وزیراعلی کو نالوں کی صفائی اور بارش کے پانی کی نکاسی کے حوالے سے اقدامات پر تفصیلی آگاہ کیا۔ وزیراعلی نے کہا کہ صوبائی وزرا، بلدیاتی ادارے اور تمام متعلقہ محکمے فیلڈ میں متحرک رہیں اور شہریوں کو ریلیف دینے کیلئے بھرپور اقدامات یقینی بنائیں۔ وزیراعلی سندھ نے کہا ہے کہ کراچی میں گزشتہ روز شدید بارش ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں شہر کے مختلف علاقوں میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کل کراچی میں صرف 3 سے 4 گھنٹوں میں تقریبا 160 سے 170 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ 12 گھنٹوں کے دوران بارش کی مجموعی مقدار 185 سے 200 ملی میٹر تک رہی۔ اس قدر بارش جب بھی ہوتی ہے تو فلڈنگ ناگزیر ہو جاتی ہے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ اسی دوران بھارت کے شہر ممبئی میں بھی شدید بارش ہوئی جہاں 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔