کراچی (اسٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی میں مون سون کے طوفانی اسپیل کے بعد دوسرے روز بھی مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش کا سلسلہ دن بھر جاری رہا ، مختلف حادثات و واقعات میںمزید 11افراد جاں بحق ہو گئے، گذری اور شاہ فیصل کالونی میں کرنٹ سے 3جوان ہلاک، شیر شاہ اور سپر ہائی پر کے قریب گڑھے میں ڈوب کر 2افراد ہلاک ہوگئے، پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی میں معذور شخص گھر میں پانی بھرنےہلاک ہوگیا، لیاقت آباد اور سہراب گوٹھ کے قریب ندی میں ڈوب 2بچے جاں بحق ہوگئے، گرومندر کے قریب نالے میں گرنے والے شخص کی لاش نکال لی گئی، منگل اور بدھ کو ہونی والی بارش کے بعد گرومندر، نمائش، عیسیٰ نگری سمیت کئی مقامات پر اب بھی برساتی پانی جمع ہے، قیوم آباد سے کورنگی کراسنگ جانے والا کازوے بند ہے، جبکہ بارش کے بعد بند ہونی والی بجلی کئی علاقوں میں تاحال بحال نہ ہوسکی، محکمہ موسمیات نے شہر میں آج اور کل مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے، منگل کو ہونے والی بارش سے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک جام اور پانی میں پھنسنے والوں کی ایک بڑی تعداد بدھ کی صبح گھر پہنچی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں دوسرے روز بھی مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش کا سلسلہ دن بھر جاری رہا۔ محمود آباد، شاہ فیصل کالونی اور دیگر علاقوں میں تیز بارش ہوئی، صدر، ایم اے جناح روڈ، فریئر ہال،جناح ہسپتال، کالا پل، پی ای سی ایچ ایس، نرسری، شارع فیصل، گلشن اقبال، کورنگی اور ڈیفنس کے اطراف میں بھی بدھ کو وقفے وقفے سے بارش ہوئی۔ کئی علاقوں میں بجلی اور انٹرنیٹ سروس گھنٹوں معطل رہی، صورتحال کی سنگینی کے پیشِ نظر صوبائی انتظامیہ نے آج شہر میں عام تعطیل کا اعلان کیا تھا۔ دوسری جانب شہر کے کئی علاقوں میں شہری تاحال بجلی سے محروم ہیں، گلستان جوہر بلاک 7، 18،13،8، گلشن اقبال کے متعدد بلاکس، کورنگی، محمودآباد، اخترکالونی، منظورکالونی، ڈیفنس ویو، ملیر عالمگیر سوسائٹی سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز سے ہی بجلی معطل ہے۔ کے الیکٹرک کے ترجمان عمران رانا نے کہا کہ جیسے ہی فیلڈ ٹیموں سے حفاظتی کلیئرنس ملے گی اور جمع شدہ بارش کا پانی کم ہوگا، متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی بحال کر دی جائے گی۔ ایوان صدر روڈ، ضیاالدین احمد روڈ سمیت ریڈ زون میں گرومندر، نمائش، ایم اے جناح روڈ، سندھ اسمبلی، ڈرگ روڈ انڈر پاس، ملیر ہالٹ سے ماڈل کالونی جانے والی جناح ایونیو اور اردو بازار سمیت کئی مقامات پر اب بھی برسات کا پانی جمع ہے۔ ضیاالدین احمد روڈ، ایوان صدر روڈ، ایم آرکیانی روڈ سمیت ریڈزون میں کئی مقامات پر فٹ پاتھ کے برابر پانی تاحال موجود ہے، کورنگی کے ویٹا چورنگی پر جمع پانی کی نکاسی نہ ہوسکی، رات سے پھنسے ٹریلرز کو گزرنے میں دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ کورنگی صنعتی ایریا، شاہراہ فیصل اور دیگر شاہراہوں پر شہری اپنی گاڑیاں چھوڑ کر چلے گئے تاہم شاہراہ فیصل اور لیاقت آباد سمیت متعدد سڑکوں سے پانی نکال دیا گیا۔ شہر کی بیشتر شاہراہوں پر گزشتہ روز بارش کے باعث بند ہونے والی گاڑی اور موٹرسائیکلیں تاحال موجود ہیں۔ شہر میں مختلف حادثات و واقعات میں 11 افراد جاں بحق ہو گئے۔گذری تھانے کی حدود گذری پل کے قریب کرنٹ لگنے سے موٹرسائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 18 سالہ یاسر کے نام سے کی گئی ، ایدھی ترجمان کے مطابق بجلی کا تار پول سے گر کر سڑک کنارے پڑا تھا جس سے شہری کو کرنٹ لگا ۔شاہ فیصل کے علاقے ناتھا خان گوٹھ میں گزشتہ شب گھر کے قریب کرنٹ لگنے سے دو نوجوان جاں بحق ہوگئے ۔ متوفین کی شناخت 19 سالہ مراد ولد سلطان اور 10 سالہ سراج ولد سلطان کے ناموں سے ہوئی ۔ پولیس حکام کے مطابق متوفین آپس بھائی تھے جنہیں زیر زمین بجلی کی کیبل سے کرنٹ لگا جسکے باعث دونوں موقع پر دم توڑ گئے ۔دونوں کا نماز جنازہ بدھ کو شاہ فیصل کالونی کی مقامی مسجد میں ادا کردیا گیا ۔ نماز جنازہ میں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان اور علاقہ مکینوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔