کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ʼʼکیپٹل ٹاکʼʼ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر ڈاکٹرمصدق ملک نے خبردار کیا ہے کہ حالیہ بارشوں کا سلسلہ 10ستمبر تک جاری رہے گا اور اگلے سال مون سون کی شدت میں اضافہ ہوگا اور اگلے سال مون سون 15 دن پہلے شروع ہوجائے گا، مصدق ملک نے کہا کہ کہ آنے والے مون سون کے لیے منصوبہ بندی شروع ہوجانی چاہئےاور اس منصوبہ بندی پر عمل بھی ہونا چاہئے، وزیر توانائی سندھ ناصر حسین شاہ نے کراچی میں حالیہ بارش سے تباہی کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس 40 ملی میٹر بارش کی ڈرینج کی سہولت ہے اگر مسلسل بارش 200 ملی میٹر ہو تو پھر اسے کنٹرول کرنا مشکل ہوجاتا ہے، ماہر ماحولیات ڈاکٹر زینب نعیم نے اسلام آباد کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں بونیر جیسا سیلاب آسکتا کیونکہ یہاں پہاڑوں پر کرشنگ ہورہی ہے اور کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں۔وزیر توانائی سندھ ناصر حسین شاہ نے کہاکہ کراچی میں اگر بارش دو سو ملی میٹر سے زیادہ ہو اور مسلسل ہو تو اسے کنٹرول کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا جدید مانیٹرنگ جو ہم نے کی ہے اس کے مطابق ستمبر کے پہلے دس دن میں بھی ایک اسپیل ہوگا اور اگلے سال اس سے زیادہ شدت کا مون سون آئے گا جس کے اسپیل بھی زیادہ ہوں گے اگلے سال کی تیاری کے لیے وقت موجو ہے ۔ ماہرِ موسمیات ڈاکٹر زینب نعیم نے کہا کہ کراچی کے نالوں کی صفائی اور محکموں میں درست لوگوں کی تعیناتی ہونی چاہیے اورکلائمٹ چینج پر وزیراعظم کی سربراہی میں قومی سطح کا مکالمہ ہونا چاہیے۔