کراچی (اسد ابن حسن) دنیا کے 10 ممالک ایسے ہیں جہاں پر 2700 سے 3600 ملی میٹر سالانہ بارشیں ہوتی ہیں مگر نظام زندگی مفلوج نہیں ہوتا۔ ان ممالک میں ملائیشیا، انڈونیشیا، بالی پنامہ، سمووا، برونائی، کوسٹوریکا، سولومن آئیلینڈ، پاپوا نیو گنی، سینڈ ٹومے اور پرنسپی شامل ہیں۔ ان ممالک میں پورے سال مون سون کا سیزن جاری رہتا ہے۔ ان ممالک کے لوگ بارشوں کو خدا کی رحمت سمجھتے ہیں نہ کہ زحمت۔ ان بارشوں کی وجہ سے ان ممالک کے کاروبار میں ترقی اور سیاحت میں بے انتہا اضافہ ہوتا ہے۔ ان ممالک میں گھنٹوں موسلا دھار بارش ہوتی ہے مگر آدھے گھنٹے بعد یہ پتہ ہی نہیں چلتا کہ یہاں اتنی تیز بارش ہوئی ہے، نہ ہی بارش کے دوران اور بارش کے بعد سڑکوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں نظر آتی ہیں۔ پاکستان کے تمام بڑے شہروں بالخصوص کراچی میں 70 سے 160 ملی میٹر بارش تباہی مچا دیتی ہے اور نظام زندگی مفلوج ہو جاتا ہے، بجلی کا نظام درہم برہم ہو جاتا ہے حیرت انگیز طور پر دنیا کے ان 10 ممالک میں جہاں پر پورے سال مون سون کا سیزن برقرار رہتا ہے، کئی کئی گھنٹے موسلا دھار بارش ہوتی ہے مگر نظام زندگی نارمل جاری رہتا ہے، نہ ہی سڑکوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں نظر آتی ہیں اور نہ ہی کئی کئی یوم بجلی منقطع رہتی ہے۔ ان ممالک میں بے انتہا ہریالی اور سبزہ ہے اور نہ ہی وہاں جنگلات کاٹنے کا مافیا موجود ہے جو جنگلوں کو کاٹے۔