کراچی (نیوز ڈیسک) فلسطین کے رہائشی علاقوں کو سب سے شدیداسرائیلی حملوںکا سامنا ہے ،صہیونی حملوں میں56فلسطینی شہیدہوگئے، 22 امداد کے متلاشی شہدامیں ممتاز فلسطینی باسکٹ بال کھلاڑی محمد شعلان بھی شامل ہیں۔ جبکہ3افراد بھوک سے جان کی بازی ہار گئے۔حماس نے غزہ کیلئےآج عالمی ہڑتال کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دنیا سے مطالبہ کرتے ہیں فوری اقدام کریں تاکہ قتل عام اور بھوک کو روکا جا سکے،ادھر اسرائیلی اپوزیشن کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو اقتدار کیلئے قیدیوں کو قربان کررہا ہے۔اسرائیلی قیدیوں کے رشتہ داروں نے غزہ سٹی پر قبضے کے منصوبے کی منظوری کی مذمت کرتے ہوئے حکومت پر حماس کی منظور کردہ جنگ بندی تجویز نظر انداز کرنیکا الزام عائد کیا۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق پچھلے 24گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں میں کم از کم 56 فلسطینی شہیدہوئے ہیں، جن میں 22 امداد کے متلاشی بھی شامل ہیں، جبکہ 3 فلسطینی بھوک سے جان کی بازی ہار گئے۔ عرب میڈیا کے مطابق غزہ سٹی پر اسرائیلی حملوں میں شدت آگئی ہے، جہاں رہائشی علاقوں کو گزشتہ چند ہفتوں میں دیکھے گئے سب سے شدید حملوںکا سامنا ہے۔