اسلام آ باد ( رانا غلام قادر)وفاقی بیوروکریسی میں تقرر و تبادلے کئے گئے ہیں۔ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کی گریڈ 21 کی ا فسر اور ایڈیشنل سیکریٹری ایوانِ صدر ارم بخاری کا تبادلہ کر کے اُن کی خدمات نیشنل سکول آف پبلک پالیسی لاہور کے سپرد کی گئی ہیں جبکہ جوائنٹ سیکریٹری، نیشنل سیکیورٹی ڈویژن ندیم الرحمان کا تبادلہ کر کے اُنہیں جوائنٹ سیکریٹری صنعت و پیداوار ڈویژن تعینات کیا گیا ہے۔ سینئر جوائنٹ سیکریٹری قانون و انصاف ڈویژن محمد اعجاز غنی کا تبادلہ کر کے اُنہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ تقرر کے منتظر شہزاد نواز چیمہ جوائنٹ سیکریٹری قانون و انصاف ڈویژن اور تقرر کے منتظر عبدالجبار چیف، قومی کمیشن برائے وقارِ نسواں تعینات کئے گئے ہیں۔ مزید برآں جوائنٹ سیکریٹری صنعت و پیداوار ڈویژن ذوالفقار حسین کی خدمات پاکستان پوسٹ آفس ڈیپارٹمنٹ کو واپس کی گئی ہیں۔ پولیس سروس کےگریڈ 18 کے افسر مرزا بلال حسن کا فیڈرل کانسٹیبلری سے پنجاب حکومت تبادلہ کیا گیا ہے اور تقرر کے منتظر خرم حمید پراچہ کو سیکشن افسر کابینہ ڈویژن اور اسسٹنٹ ایجوکیشنل ایڈوائزر، کابینہ ڈویژن ظہیر اقبال کو تبدیل کر کے سیکشن افسر کابینہ ڈویژن تعینات کیا گیا ہے جبکہ سیکشن افسر شعیب احمد کا اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے بحری امور ڈویژن تبادلہ منسوخ کیا گیا ہےتقرری کے منتظر گریڈ اکیس کے افسر عثمان یعقوب خان اور گریڈ بیس کے افسر راجہ تنویر اعظمی کو او ایس ڈی بنایا گیا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تقرر و تبادلوں کے باضابطہ نوٹیفیکشن جاری کر دیے ہیں۔