• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کو ایک اور دھچکا، 13 برس بعد پاکستانی وزیر خارجہ کا تاریخی دورہ بنگلہ دیش، آج تجارت سمیت کئی اہم معاہدے ہونگے

اسلام آباد، ڈھاکا (نیوز رپورٹر، ایجنسیاں) خطے میں بھارت کو سفارتی محاذ پر ایک اور دھچکا، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار دو روزہ سرکاری دورے پر بنگلہ دیش پہنچ گئے، ائیر پورٹ پر سیکرٹری خارجہ و دیگر اہلکاروں نے ان کا تاریخی استقبال کیا، یہ کسی بھی پاکستانی وزیرخارجہ کا 13سال بعد بنگلہ دیش کا پہلا دورہ ہے، اس دورے کے دوران آج تجارت سمیت کئی اہم معاہدوں پر دستخط ہونگے ، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ہفتے کو ڈھاکا میں عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سارک کومزید فعال بنانا ہوگا، اسحاق ڈار نے ڈھاکہ میں جماعت اسلامی، بنگلہ دیشی نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) اور نیشنل سٹیزن پارٹی (این سی پی ) کے رہنمائوں سے ملاقاتیں کیں جس میں پاکستان بنگلہ دیش کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔وزیرخارجہ نےجماعت اسلامی کے رہنماؤں اور کارکنان کی مشکلات اور کٹھن حالات کے باوجود ثابت قدمی اور حوصلے کو سراہا،وزیر خارجہ نے بنگلہ دیشن میں پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملاقات کی۔ اسحق ڈار آج بنگلہ دیش حکومت کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس، مشیر خارجہ محمد توحید حسین اور دیگر حکام سے اہم ملاقاتیں کرینگے۔تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار دو روزہ دورے پر بنگلہ دیش پہنچ گئے۔ ڈھاکا کے حضرت شاہ جلال انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر بنگلہ دیش کے سیکرٹری خارجہ،سفیر اسد عالم سیام ، بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر ، پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال خان اور دیگر اعلی حکام نے نائب وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔ پاکستان ہائی کمیشن کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ یہ دورہ بنگلہ دیش کی حکومت کی خصوصی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔ نائب وزیراعظم ڈھاکا میں اہم بنگلہ دیشی رہنمائوں سے ملاقاتیں کرینگے۔ نائب وزیراعظم بنگلہ دیش حکومت کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس، مشیر خارجہ محمد توحید حسین اور دیگر حکام سے اہم ملاقاتیں کرینگے جن میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی و عالمی امور زیرِ بحث آئیں گے۔ دورے کے دوران دونوں ممالک دو طرفہ تعاون بڑھانے کیلئے متعدد مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی کرینگے۔ نائب وزیراعظم ڈھاکہ میں اہم سیاسی قیادت سے ملاقاتوں کیلئے پاکستان ہائی کمیشن پہنچے جہاں ان سے نیشنل سٹیزن پارٹی (این سی پی) کے وفد نے ملاقات کی۔وفد کی قیادت پارٹی کے ممبر سیکرٹری اختر حسین کر رہے تھے۔ ملاقات میں این سی پی کے اعلی رہنما شریک تھے۔ نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے مختلف سیاسی شراکت داروں سے روابط کے سلسلے میں بنگلہ دیش جماعت اسلامی کے وفد سے ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کے مطابق جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے وفد کی قیادت نائب امیر ڈاکٹر سید عبداللہ محمد طاہر نے کی۔ملاقات میں پاکستان۔بنگلہ دیش تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں خطے میں حالیہ پیش رفت پر بھی گفتگو کی گئی۔

اہم خبریں سے مزید