لاڑکانہ (بیورو رپورٹ، ایجنسیاں) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے 21لاکھ سیلاب متاثر ہ خاندانوں کیلئے گھروں کی تعمیر کے میگا پراجیکٹ کیساتھ حکومت تمام گھروں کو شمسی بجلی سہولت مفت فراہم کررہی ہے، سندھ کی عوامی حکومت شہید بینظیر بھٹو کے عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کر رہی ہے، شہید بی بی ملک کے بیٹوں کے ساتھ ساتھ بیٹیوں کی بہبود و ترقی کا بھی خیال رکھتی تھیں۔ بلاول بھٹو نے اِن خیالات کا اظہار لاڑکانہ کے تعلقہ رتو ڈیرو میں یونین کونسل وارث ڈینو کے گاں خیر محمد بروہی میں حکومت سندھ کی جانب سے 2022کے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لئے بننے والے اور زیرتعمیر گھروں کے دورے کے موقع پر مالکانہ اسناد دینے کی تقریب کے دوران متاثرین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و رکنِ سندھ اسمبلی فریال تالپور بھی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ موجود تھیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ حکومت سندھ کی کوشش ہے کہ سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر کا کام جلد از جلد مکمل ہو جائے اور ان گھروں کے مالکانہ حقوق فوری طور ان خاندانوں کی خواتین کے نام منتقل کر دیئے جائیں۔