کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ایک دن کے آرام کے بعد دبئی کی آئی سی سی اکیڈمی میں اتوار کو بھرپور ٹریننگ سیشن میں شرکت کی۔ تین قومی ٹورنامنٹ سے قبل ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور دیگر کوچز کھلاڑیوں کی تیاری میں مصروف ہیں۔ بیٹسمین فخر زمان بھی نیٹس پر تیاری میں مصروف ہیں۔ دریں اثنا نوجوان فاسٹ بولر سلمان مرزا نےکہا کہ ایشیا کپ سے قبل ہماری تیاری کیلئے تین قومی سیریز اچھا ٹورنامنٹ ہے۔ بھارت کا میچ اہم اور بڑا ضرور ہے لیکن یہ بھی عام میچوں کی طرح ہے۔ ہمارے لئے تمام ٹیمیں اہم ہیں۔ دونوں ٹورنامنٹس کی بھرپور تیاری کررہے ہیں۔ اپنی بولنگ پر فوکس ہوں، موقع ملا تو بیٹنگ میں کارکردگی دکھاؤں گا لیکن اس موقع پر یہ کہنا کہ میں آل راؤنڈر بن گیا ہوں ۔ اتوار کو میڈیا سے بات چیت میں سلمان مرزا نے کہا کہ سلمان آغا مثبت کپتان ہیں پریشر میں وہ کسی کھلاڑی کو مشکل میں نہیں ڈالتے اور کوشش کرتے ہیں کہ ٹیم کو مشکل سے نکالیں، ہماری ٹیم نوجوان ہے، امید ہے کہ دونوں ٹورنامنٹس میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔ پریکٹس سیشن اور پریکٹس میچ میں اچھی تیاری ہورہی ہے، امارات کی کنڈیشن اور ماحول کو سمجھنے کی کوشش کررہے ہیں۔