نیوپورٹ، امریکہ (جنگ نیوز) سابق عالمی نمبر ایک خاتون ٹینس پلیئر ماریہ شراپووا کی کورٹس پر کامیابیوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں انٹرنیشنل ٹینس ہال آف فیم میں شامل کرلیا۔ ان کے ساتھ امریکا کے ڈبلز میں ریکارڈ کامیابیاں سمیٹنے والے برائن برادرز کو یہ اعزاز دیا گیا ۔ ماریہ کی سب سے بڑی حریف سیرینا ولیمز نےتقریب میں پہنچ کر سب کو حیران کردیا، سابق حریف پلیئرز بہت پرتپاک طریقے سے ملیں۔ پانچ مرتبہ کی گرینڈ سلم چیمپئن، اور 17 سال کی عمر میں ومبلڈن جیتنے والی شراپووا نے کیریئر سنگلز گرینڈ سلم مکمل کر کے ٹینس کی تاریخ میں ایک منفرد مقام حاصل کیا۔ وہ عالمی نمبر ایک بننے والی پہلی روسی خاتون کھلاڑی بھی تھیں۔ شراپووا نے اپنی جذباتی تقریر میں کہا کہ یہ صرف میرے ٹائٹلز کا جشن نہیں، بلکہ میرے سفر، قربانیوں اور خوابوں کی کامیابی ہے۔ اس موقع پر سرینا ولیمز نے غیر متوقع طور پر اسٹیج پر آ کر شراپووا کا تعارف کروایا، جو تقریب کا سب سے یادگار لمحہ ثابت ہوا۔ سرینا نے کہا کہ ہمارا رشتہ ہمیشہ پیچیدہ رہا، مگر ہم نے ایک دوسرے کو بہتر بنایا۔ تقریب کے بعد دونوں کھلاڑیوں کے درمیان گلے ملنے کا منظر شائقین اور میڈیا کے لیے غیر معمولی جذبات کا لمحہ بن گیا۔ ڈبلز کی دنیا کے ناقابلِ شکست برائن برادرز نے 16 گرینڈ سلم ٹائٹلز اور 119 ATP ٹور فتوحات کے ساتھ ڈبلز میں سب سے زیادہ کامیاب جوڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ وہ 438 ہفتے تک عالمی نمبر ایک رہے، جو ایک ریکارڈ ہے۔