کراچی(طاہر عزیز۔۔اسٹاف رپورٹر) کراچی میں ہونے والی بارش نے جہاں شہریوں کی درگت بنادی وہیں ان کی گاڑیوں کا بھی حشر نشر ہوگیا،سڑکوں پر جمع بارش کے پانی اور ٹوٹی سڑکوں پر موجود گڑھوں نے ان کی گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچایا جس کی مر مت کے لئے انہیں ہزراوں روپے کے اخراجات کا سامنا ہے، بارش کے بعد ہفتہ اور اتوار کو چھٹی والے دن لوگوں نے گھومنے پھرنے کے بجائے اپنی تباہ حال گاڑیوں کی درستی پر توجہ مرکوز رکھی، بارش نےسیکڑوں گاڑیوں کو نقصان پہنچایا، جس کے بعد گاڑیوں کی مرمت کے لیے کار کمپنیوں کے سروس سینٹرز اور دیگر ورکشاپس میں رش د کھائی دیا،شہریوں کا کہنا ہے کہ گڑھوں اور کھڈوں کے باعث گاڑیوں کے انجن اور دیگر پرزہ جات بری طرح متاثر ہوئےہیں، بارش میں ٹریفک کا دباؤ بڑھنے سے راستہ عبور کرنے میں کئی گھنٹوں پانی میں کھڑا رہنا پڑا جس نے گاڑیوں کو تباہ کردیا بار بار گاڑیوں کی مرمت اور مینٹیننس شہریوں کے لیے مالی دباؤ کا باعث بن رہی ہےشہریوں کا کہنا ہے کہ بارش اور اس کے پانی نے ان کی گاڑیوں کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ، کسی گاڑی کے انجن میں پانی چلا گیاالیکٹرانک سسٹم خراب ہوگئے یا جنریٹر بیٹھ گئے، کسی گاڑی کے بریک جواب دےگئے، بہت سی گاڑیوں کی سیٹوں کو بھی بارش نے خراب کردیا، ایک رکشہ ڈرائیور نے جنگ کو بتایا کہ بارش کے بعد رکشے کی مرمت میں 8ہزار روپے کا خرچہ ہوگیا ایک عام اندازے کے مطابق بارش میں پھسنے والےموٹر سائیکل سواروں کو 8سے10ہزار روپے، رکشے اور ٹیکسی مالکان کو دس سے بارہ ہزار روپے، جبکہ کار کے مالکان کو گاڑی کی از سر نو مرمت کے لئے40سے70ہزار روپے کا اضافی خرچہ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔