• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبائی وزیر سعید غنی کا بھائی و دیگر ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر پولیس کے حوالے، انسداد دہشتگردی کی دفعہ شامل

کراچی (اسٹاف رپورٹر) عدالت نے صوبائی وزیر سعید غنی کے بھائی ودیگرکو ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ ٹاؤن چیئرمین چنیسر اور صوبائی وزیر سعید غنی کے بھائی فرحان غنی و دیگر کیخلاف تشدد، دھمکیاں دینے اور کارسرکار میں مداخلت کے مقدمے میں فیروزآباد پولیس نے گرفتار تین ملزمان کو اسپیشل مجسٹریٹ شرقی کے روبرو پیش کیا، دیگر ملزمان میں قمر احمد خان اور شکیل چانڈیو شامل ہیں۔ سماعت کے دوران پولیس نے تینوں ملزمان کے راہداری ریمانڈ کی استدعا کی۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ مقدمہ انسداد دہشتگردی کی عدالت کا ہے اور تمام ملزمان کو پیر کے روز انسداد دہشتگردی کی منتظم عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ اسی لیے عدالت سے استدعا ہے کہ انہیں ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا جائے تاکہ انہیں مقررہ عدالت تک پہنچایا جا سکے۔ عدالت نے تفتیشی افسر کی درخواست منظور کرتے ہوئے فرحان غنی، قمر احمد خان اور شکیل چانڈیو کو ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دیا۔دریں اثناءفیروز آباد پولیس نے صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی کے بھائی اور ٹاؤن چیئرمین فرحان غنی سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ایس ایچ او طارق محمود کے مطابق گذشتہ روز درج کیے گئے مقدمہ کے بعد ٹاؤن چیئرمین فرحان غنی اور مقدم میں نامزد دیگر دو ملزمان شکیل چانڈیو اور قمراحمد خان کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے جبکہ دو ملزمان سکندر اور روحان کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔پولیس نے ملزمان کے خلاف مار پیٹ ، ہنگامہ آرائی ، اقدام قتل ، سنگین نتائج کی دھمکیوں سمیت انسداد دہشت گردی کی دفعہ سیون اے ٹی اے کے تحت مدعی حافظ سہیل احمد جدون کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 843/25 درج کیا تھا۔مدعی کے مطابق زیر زمین آپیٹیل فائبر کیبیل بچھانے کے کام کی نگرانی کر رہا تھا کہ اس دوران 20 سے 25 افراد گاڑیوں میں سوار ہو کر آئے جس میں کچھ کے ناموں میں فرحان غنی ولد عثمان غنی ، قمر احمد خان ، شکیل چانڈیو ، سکندر اور روحان معلوم ہوئے۔ ان میں سے ایک نے مجھے بلا کر پوچھا کہ صاحب پوچھ رہے ہیں کس کی اجازت سے زمین کھود رہے ہو جس پر میں نے انھیں اپنا تعارف کرایا کر بتایا کہ یہ سرکاری کام تمام اداروں سے این او سی لیکر ہو رہا ہے جس پر ان میں سے کچھ لوگوں مجھ سے بدتمیزی اور مار پیٹ شروع کر دی ۔
اہم خبریں سے مزید