• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسحاق ڈار کی سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل سے ملاقات

اسلام آباد( نیوز رپورٹر)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے جدہ میں فلسطین کے حوالے سے منعقدہ او آئی سی وزرائے خارجہ کے ہنگامی اجلاس کے موقع پر سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤںکی غزہ میں سنگین انسانی صورتحال پرگفتگو ، نائب وزیراعظم صومالیہ کے وزیر خارجہ سے بھی ملے ۔پیر کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے غزہ میں سنگین انسانی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے فلسطین میں جاری نسل کشی، قحط اور مستقل جنگ بندی کی فوری ضرورت، انسانی امداد تک بلا رکاوٹ رسائی، تعمیر نو اور پائیدار امن کے امور پر بات چیت کی۔اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان باہمی برادرانہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا گیا اور خطے اور دنیا میں باہمی دلچسپی کے اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ادھر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے صومالیہ کے وزیر خارجہ عبدالسلام عابد علی سے بھی ملاقات کی۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے پیر کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں بتایا کہ ملاقات میں دونوں راہنماؤں نے غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
اہم خبریں سے مزید