راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک/ایجنسیاں ) سابق وزیر اعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے پارٹی کوتمام پارلیمانی کمیٹیوں سے مستعفی ہونے اور ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ ہمیں ضمنی انتخابات میں حصہ لے کر ان انتخابات کو قانونی جواز فراہم نہیں کرنا چاہیے‘عمران نے اسٹیبلشمنٹ کو پیغام دیا ہے کہ ہمیں قید تنہائی میں رکھ کر ڈرانے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا‘ میں نہ جھکوں گا نہ کوئی سودا کروں گا‘ظلم وزیادتی کی ساری ذمہ داری عدلیہ پر ہے ‘علیمہ خان نے کہاکہ سلمان اکرم راجہ سے میری کوئی تلخ کلامی نہیں ہوئی‘ سلمان اکرم ہمارے وکیل اور فیملی کی طرح ہیں‘ ان کا اپنا کوئی مسئلہ ہوگا ‘ دوسری جانب ذرائع نے بتایاکہ بانی پی ٹی آئی نے سینیٹ میں علامہ راجہ ناصرعباس اور قومی اسمبلی میں محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر نامزد کردیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق علیمہ خان اور ان کی دیگر دو بہنوں نے منگل کو اڈیالہ جیل میں اپنے بھائی عمران خان سے ملاقات کی‘ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے آج چار مہینے بعد ہماری تینوں بہنوں کی اکٹھے ملاقات کرائی گئی ہے۔علیمہ خان نے میڈیا کو بتایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت بالکل ٹھیک ہے، البتہ ان کی آنکھ میں کوئی مسئلہ ہے‘ اس کیلئے ہم عدالت میں درخواست دے رہے ہیں‘علاج کیلئے پمز ہسپتال کے ڈاکٹرز معائنے کیلئے آئیں گے۔علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی بشری بی بی کی وجہ سے پریشان ہیں‘ وہ کہتے ہیں کہ ججوں کا ضمیر ہوتا تو اتنا ظلم نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے بھائی کو شیر شاہ اور شاہریز کی گرفتاری کے متعلق بتایا ہے جس پر ان کا کہنا تھا کہ اس ظلم و زیادتی کی ساری ذمے داری عدلیہ پر ہے۔