• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سہ فریقی سیریز کیلئے ہتھیاروں، حوصلوں کی آج حتمی آزمائش، پاکستان ٹیم کا آخری پریکٹس سیشن

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سہ فریقی سیریز سے قبل ہتھیاروں اور حوصلوں کی حتمی آزمائش کا مرحلہ آگیا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم جمعرات کو تین ملکی کرکٹ ٹورنامنٹ سے قبل شارجہ اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی۔ پاکستان کا پہلا میچ جمعے کی شب 8بجے افغانستان کے خلاف ہوگا۔ دریں اثناء پاکستان کے نوجوان بیٹر حسن نواز نے کہا ہے کہ تمام کھلاڑی بہترین فارم میں ہیں، ملک کیلئے کامیابیاں سمیٹنے کی کوشش کریں گے۔ ہماری حکمت عملی یہ تھی کہ اسپنرز کی خلاف احتیاط سے کھیلیں اور فاسٹ بولرز پر اٹیک کیا جائے، ہم اس میں کامیاب ہوئے ۔ کوشش ہے کہ تسلسل سہ فریقی سیریز اور ایشیا کپ میں بھی برقرار رہے۔ دریں اثنا پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ ہمیشہ کی طرح انتہائی سنسنی خیز ہوگا ، جو ٹیم دباؤ کو بہتر انداز میں سنبھالے گی وہی کامیاب ہوگی۔ میدان میں فیورٹ ہونے سے زیادہ اصل امتحان دباؤ میں کھیلنے کا ہوتا ہے، پاکستانی ٹیم بھی بڑے مقابلوں میں شاندار کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اگر بھارتی اپنے آپ کو محبِ وطن سمجھتے ہیں تو پاکستانی عوام بھی دل و جان سے اپنی ٹیم کے ساتھ کھڑے اور جیت کی خواہش رکھتے ہیں۔ علاوہ ازیں سہ فریقی سیریز میں عرب امارات کی قیادت بیٹر محمد وسیم کریں گے۔ دیگر کھلاڑیوں میں عالیشان شرافو، آریانش شرما (وکٹ کیپر)، آصف خان، دھرو پراشر، ایتھن ڈی سوزا، حیدر علی، ہرشیت کوشک، جنید صدیق، محمد فاروق، محمد جواد اللہ، محمد زوہیب، راہول چوپڑا (وکٹ کیپر)، روہید خان اور ساجد خان شامل ہیں۔