ملتان (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر مملکت برائے بجلی عبدالرحمان خان کانجو نے کہا ہے کہ اس وقت جنوبی پنجاب چار دریاؤں میں طغیانی کے سبب سیلاب کا شکار ہے ۔ میپکو بجلی کا ترسیلی نظام کو بحال رکھا ہوا ہے تاہم جن علاقوں میں سیلاب کے خطرات ہیں صرف انہی فیڈرزکی برانچز بند کی جا رہی ہیں ، میپکو کی ٹیمیں دن رات سیلابی علاقوں میں کام کر رہی ہیں ۔ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے میپکو کا عملہ پوری طرح تیار ہے ۔ شہریوں کو بھی سیلابی علاقوں اور بجلی تنصیبات سے دور رہنا چاہیے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میپکو ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گُل محمد زاہد، سابق ایم این اے شیخ طارق رشید، ملک احمد حسین ڈیہڑ، جاوید اختر انصاری، سعد خورشید کانجو، میاں شہزاد مقبول بھٹہ، شوکت بوسن اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے سیلاب کے نقصان کے باعث چھوٹے ڈیمز کی تعمیرکا عندیہ دیدیاہے۔ ڈیم بھارت میں بہت زیادہ ہیں مگر وہاں بھی سیلاب ہے بات ڈیم سے آگے چلی گئی ہے۔زیادہ انتظامی یونٹس بننے پر سب سے زیادہ فائدہ عوام کو ہوگا۔ ملتان،بہاولپور، جنوبی پنجاب اورہزارہ سمیت دیگر صوبے بنیں گے ۔اس وقت جنوبی پنجاب میں سیلاب کی کیفیت ہے آنے والے تین روز انتہائی اہم ہیں، فی الوقت ہماری اولین ترجیح سیلاب زدگان کی بھرپور امداد کرنا ہے۔