لاہور کے بعد اب خیبر پختونخوا میں بھی ہراسانی کے واقعات کی روک تھام کے لیے ’پینک بٹن‘ نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
سینٹرل پولیس آفس (سی پی او) کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں خواتین کے ہراسانی کے واقعات کی روک تھام کے لیے پینک بٹن نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
خیبر پختونخوا پولیس کے مطابق پہلے مرحلے میں 68 پینک بٹن پشاور میں نصب کیے جائیں گے۔
پولیس کے مطابق جہاں خواتین کی نقل و حرکت زیادہ ہوگی وہاں پینک بٹن لگائے جائیں گے، جس کے ذریعے خواتین اپنی شکایت سے پولیس کو بروقت آگاہ کرسکیں گی۔
سی پی او کا کہنا ہے کہ پینک بٹن پولیس کنٹرول روم سے منسلک رہیں گے، اسے دبانے پر شکایت کنندہ کی ویڈیو اور آواز کنٹرول روم کو موصول ہوگی۔ خواتین کے علاوہ دیگر شہری بھی اس سہولت سے استفادہ حاصل کرسکیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ پینک بٹن اسٹریٹ کرائم کے واقعات پر بروقت رسپانس میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔