• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیر پیشہ ورانہ رویہ اور عدالت پر دباؤ ڈالنے کا الزام، فاروق نائیک کے خلاف درخواست

کراچی ( رپورٹ:محمد منصف ) عدالتی کارروائی کے دوران مبینہ طور پر غیر پیشہ ورانہ رویہ اختیار کرنے اور عدالت پر مبینہ دباؤ ڈالنے کے خلاف سینئر وکیل فاروق ایچ نائیک کو انتباہ جاری کرنے کیلئے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔جس میں درخواست گزار نے عدالت عالیہ سے استدعا کی ہے کہ رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ سے 18اگست کی مذکورہ عدالتی کارروائی میں کمرہ عدالت کی سی سی ٹی وی فوٹیج کو ثبوت کے طور پر طلب کر کے مکمل جائزہ لیا جائے اور سینئر وکیل فاروق ایچ نائیک کو انتباہ جاری کیا جائے۔ درخواست گزار کرم اللہ نے اپنی دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ٹرائل کورٹ کے حکم کیخلاف ایک کرمنل اپیل جسٹس جواد اکبر سروانہ کے سامنے 18اگست کو سماعت کے لئے مقرر کی گئی تھی اور اپیل کنندہ کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے درخواست پر نوٹس جاری کرنے کی استدعا کی لیکن فاضل جج نے کوئی حکم جاری نہیں کیا اور سماعت ملتوی کر دی تاہم سینئر وکیل فاروق ایچ نائیک کچھ ہی دیر بعد دوبارہ کمرہ عدالت میں داخل ہوئے اور جاری شدہ عدالتی کارروائی کو روکتے ہوئے جواب دہندگان کو نوٹس جاری کرنے کے لئے فاضل جج سے اسرار کیا۔ سینئر وکیل فاروق ایچ نائیک کے خلاف دائر درخواست میں مزید موقف اختیار کرتے ہوئے الزام لگایا گیا ہے کہ جسٹس جواد اکبر سروانہ نے فاروق ایچ نائیک کے اسرار پر انہیں آئندہ سماعت 18 ستمبر تک انتظار کا مشورہ دیا لیکن اس کے باوجود فاروق ایچ نائیک عدالت پر مسلسل دباؤ ڈالنے کی کوشش کی۔ درخواست گزار کرم اللہ نے اپنے وکیل کے ذریعے درخواست میں کہا ہے کہ فاروق ایچ نائیک سپریم کورٹ کے سینئر وکیل ہیں اور جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے رکن بھی ہیں اس اعتبار سے انہیں پیشہ ورانہ طرز عمل کے اعلیٰ ترین معیارات کو برقرار رکھنا چاہئے۔
اہم خبریں سے مزید