پڈعیدن (نامہ نگار) پڈعیدن کے قریب ڈی ریل ہونے والی مال گاڑی کی متاثرہ بوگیوں کو ہٹانے کا ریلیف آپریشن مکمل کرلیا گیا، ریلوے ٹریک کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے، ڈی ایس ریلوے جنید عالم کی زیر نگرانی میں ٹریک کی مرمت کام تیزی سے جاری رہا، ریلوے ذرائع کے مطابق پڈعیدن قریب ابراہیم شاہ کے نواح میں اپ ریلوے ٹریک کی مرمت اور بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر جاری رہا۔ ریلوے ذرائع کا کہنا تھا کہ حادثے کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت عارضی طور پر متاثر ہوئی تھی، ڈی ایس ریلوے سکھر کی براہِ راست نگرانی میں انجینئرز اور ریلوے عملہ دن رات مرمتی کام میں مصروف رہا،ڈی ایس ریلوے ڈویژن سکھر کا کہنا تھا کہ مال گاڑی حادثہ کے بعد فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچے اور ہم گزشتہ روز سے اپنی پوری ٹیم کے ہمراہ جائے حادثہ پر موجود ہیں۔ اور جلد از جلد ٹریک کو بحال کر کے ٹرین سروس کو معمول پر لایا جائے گا۔ گزشتہ روز سے ڈاؤن ٹریک پر وقتی طور پر اپ اور ڈاؤن والی دونوں ٹرینوں کی آمد و رفت جاری ہے۔ اپ ٹریک تاحال مکمل طور پر بحالی آخری مراحل میں ہے، ٹریک کی مکمل بحالی کے بعد اپ ڈاؤن ٹریک پر ٹرینوں کی آمد و رفت معمول کے مطابق ہو جائے گی۔ علاوه ازیں پڈعیدن کے قریب ابراہیم شاہ کے مقام پر مال گاڑی حادثہ کے باعث گزشتہ روز سے کراچی سے پنجاب اور لاھور سے کراچی جانے والی مسافر ٹرینیں کئی گھنٹے تاخیر کا شکار رہیں کراچی سے پنجاب جانے والی مسافر ٹرینوں کو پڈعیدن ریلوے اسٹیشن اور پنجاب سے کراچی جانے والی ٹرینوں کو بھریا روڈ اسٹیشن پر روک کر تمام ٹرینوں کو سگنل لائن ڈاؤن ٹریک سے گزارا گیا، جس کے باعث ٹرینیں تاخیر کا شکار رہیں۔