• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PTI، قومی اسمبلی کے بائیکاٹ کا اعلان، اسپیکر نے قائمہ کمیٹیوں کے استعفے مسترد کردیئے

اسلام آباد (ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ آئندہ سے ہم قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے بجائے احتجاج کرتے ہوئے بائیکاٹ کرینگے، دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پی ٹی آئی کی جانب سے دیئے گئے قائمہ کمیٹیوں کے استعفوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ معاملے پر کوئی جلد بازی نہیں، اس پر مشاورت ہوگی، کوشش کرینگے پی ٹی آئی کمیٹیوں سے استعفے واپس لے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کا پارلیمانی اجلاس خیبر پختونخوا ہاؤس میں ہوا۔ اور پارلیمانی پارٹی کے اراکین کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کے احکامات پڑھ کر سنائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی کے ارکان نے عمران خان کے احکامات کو درست قرار دیا ہے۔ ہم آئندہ قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے بجائے احتجاج کرتے ہوئے بائیکاٹ کریں گے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمارے اراکین قومی اسمبلی سے مختلف بہانوں کے ذریعے نشستیں چھینی گئی ہیں۔ اور ہمارے اراکین کو نااہل قرار دیا گیا۔ جبکہ ہمیں بولنے کی بھی اجازت نہیں دی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اگر جشن آزادی منانا چاہیں تو وہ بھی نہیں منانے دیا جاتا۔ ہم بےشمار مشکلات کے باوجود ایوان میں حاضر ہوئے۔ اور ہم نے قومی اسمبلی اجلاس میں اپنے مطالبات کو جمہوری انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی۔ تاہم ہمیں بولنے کی اجازت نہیں دی جاتی۔
اہم خبریں سے مزید