• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پراعتماد ہیں، پانی گزار لینگے، کوشش ہے کوئی نقصان نہ ہو، مراد علی شاہ

  کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہم پراعتماد ہیں یہ پانی گزار لیں گے ہماری کوشش ہے کوئی بھی مالی اور جانی نقصان نہ ہو، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ اس وقت خطرہ پوری طرح سے ختم نہیں ہوا ہے ،مرکزی صدر پاکستان کسان اتحاد خالد محمود کھوکھر نے کہاکہ ابھی تک ہمارے اندازے کے مطابق پندرہ سے بیس لاکھ ایکڑ کا نقصان ہوا ہے جس میں چاول، مکئی، کپاس اور تمام قسم کی سبزیاں شامل ہیں اور بالخصوص جانوروں کا چارہ ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ صبح نو سے پانچ لاکھ سے زائد کیوسک پانی چلا ہے تریموں سے آگے یہ پانی پنجند پر جائے گا اور اس میں تقریباً تین دن سے زیادہ ٹائم لگتا ہے اور پنجند میں ستلج اور راوی کا پانی بھی آکر ملے گا اس وقت ہمیں پتہ چلے گا کہ کتنا پانی گڈو بیراج پر ہوگا اس کے بعد بھی ہمارے پاس دو دن ہوں گے کیوں کہ پنجند سے گڈو تک دو دن لگتے ہیں چار ستمبر کی دوپہر تک ہم کسی نتیجے پر پہنچیں گے کہ کتنا پانی ہوگا۔2014 میں تریموں میں پانی پانچ لاکھ 92 ہزار کیوسک تھا جب وہ پانی پنجند پہنچا تو ساڑے چار لاکھ رہ گیا تھا کیوں کہ راستے میں پانی آہستہ نکلتا ہے جس کی وجہ سے بہاؤ کم ہوجاتا تو انشااللہ اچھے کی امید ہے لیکن ہم تیاری سپر فلڈ کی کر رہے ہیں۔ این ڈی ایم اے کے مطابق آٹھ سے دس یا دس سے بارہ لاکھ کیوسک ہوگا جبکہ ہم نے گڈو بیراج پر نو لاکھ کی تیاری کی ہوئی ہے اگر این ڈی ایم اے کے مطابق پانی آتا ہے تو بہت بڑا سیلاب ہوگا اور پورا کچا ڈوب جائے گا۔ایک اندازے کے مطابق دریا کے پیٹ میں ایک لاکھ کیوسک کی وجہ سے ایک فٹ پانی چڑھتا ہے دریا کے پیٹ میں اس وقت بھی دس لاکھ کیوسک کے بعد چھ فٹ کا فری بورڈ ہوتا ہے ہم پراعتماد ہیں یہ پانی گزار لیں گے ہماری کوشش ہے کوئی بھی مالی اور جانی نقصان نہ ہو۔نیوی آرمی نے ہماری مدد کی ہے اور ہم ریسکیو بورڈز پرائیوٹلی ہائر کر رہے ہیں۔ہم نے علاقوں کی نشاندہی کردی ہے اگر سات سے نو لاکھ کیوسک پانی آتا ہے تو کون کون سے دیہات خالی کرنے ہیں جن دیہات کی نشاندہی کی گئی ہے وہاں لوگوں کو بتادیا گیا ہے کہ علاقہ خالی کرنا پڑسکتا ہے۔
اہم خبریں سے مزید