تائپے(اے ایف پی) تائیوان نے چین پر اس کی سمندری حدود میں تیل اور گیس کی تلاش کیلئےپلیٹ فارم اور دیگر ڈھانچے لگانے کا الزام لگاتے ہوئےاسےبین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کا مرتکب قراردیاہے۔ایک امریکی تھنک ٹینک کی رپورٹ جس میں دعویٰ کیا گیا ہے چینی سرکاری تیل کی بڑی کمپنی CNOOC کے متنازع جزیرے کے قریب تائیوان کے خصوصی اقتصادی زون (EEZ) میں 12 ڈھانچے موجود ہیں۔ اس رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئےتائیوان کے صدر لائی چنگ کےدفتر سے جاری بیان میں چین پرالزام لگایا گیا ہےکہ وہ جنوبی کوریا، جاپان، تائیوان اور جنوبی بحیرہ چین کے ارد گرد کے ممالک کے خصوصی اقتصادی زونز اور براعظمی شیلف میں تیل اور گیس کی تلاش کے پلیٹ فارم اور دیگر مستقل ڈھانچے نصب کر رہا ہے۔ بیان میں اسےاقوام متحدہ کے سمندری قانون کے کنونشن کی خلاف ورزی اور علاقائی استحکام کیلئے غیر یقینی خطرات کا موجب اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئےچین سے فوری طور پر انہیں روکنے کا مطالبہ کیا گیا۔