سیول (نیوز ڈیسک) شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن اپنی بیٹی اور ممکنہ جانشین کم جو اے کے ساتھ بیجنگ پہنچے، کم جونگ بیٹی کے ہمراہ ایک عظیم فوجی پریڈ میں شرکت ہونگے۔ یہ نوجوان لڑکی کی پہلی بین الاقوامی عوامی شرکت ہے، اس سے قبل وہ اپنے والد کے ساتھ کئی شمالی کوریائی ہتھیاروں کے تجربات میں شریک ہو چکی ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ کم خاندان کی جانشینی کی منصوبہ بندی میں اس کی اہمیت کا واضح اشارہ ہے۔جو اے کو پہلی بار 2022 میں عوام کے سامنے متعارف کرایا گیا تھا، جب وہ اپنے والد کے ساتھ ایک بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کے تجربے میں شریک ہوئی۔ شمالی کوریائی ریاستی میڈیا اسے محبوب اولاد یا معزز اولاد کہہ کر پکارتا ہے۔ ریاستی میڈیا میں شمالی کوریائی بالغ افراد کو اس کے آگے جھکتے ہوئے بھی دکھایا گیا۔ عوامی تقریبات میں وہ اکثر اپنی پھوپھی، طاقتور ترجمان کم یو جونگ اور اپنی والدہ سے آگے چلتی ہے۔