اسلام آباد (ناصر چشتی )سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ کے چیئرمین نے محکمے میں بار بار تبادلوں اور تعیناتیوں پر تشویش اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) کی ا ٓسامی نو ماہ سے خالی کیوں ہے؟ سیکرٹری وزارت فوڈ سیکیورٹی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس عہدے پر تعینات تینوں افسران سنگین بے ضابطگیوں اور اسکینڈلز میں ملوث پائے گئےجن میں ایک ریٹائر ہو گئے ، 2 کو ملازمت سے برطرف کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین نے ہدایت دی کہ سابقہ تینوں ڈی جیزاور ان کے خلاف انکوائری کرنے والے افسران کو بھی کمیٹی میں طلب کیا جائے۔ کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روزسینیٹر سید مسرور احسن کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں محکمے کے انتظامی معاملات، برآمدات سے متعلق مسائل، زرعی قانون سازی اور دیگر اہم امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ ایسے معاملات میں متعلقہ افسران کا مؤقف بھی سننا چاہیے کیونکہ بڑے اسکینڈل صرف ایک فرد کے ذمے نہیں ڈالے جا سکتے۔چیئرمین کمیٹی نے برآمدات میں ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر بھی سخت تحفظات کا اظہار کیا اور خاص طور پر آم کی ایران کو برآمدات کی مثال دی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں وزارت کے کردار پر تحفظات ہیں اور متعلقہ سیکرٹری کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔