• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محبت بار بار ہوسکتی ہے اس میں شرمندگی کی بات نہیں: توثیق حیدر

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

اپنی محبت کی کہانی کو جاری رکھنے کی خاطر شادی نہ کرنے والے پاکستان کے سینئر اداکار توثیق حیدر کا کہنا ہے کہ انسان کو محبت بار بار ہوسکتی، اس میں شرمندگی کی کوئی بات نہیں ہے۔

حال ہی میں سینئر اداکار نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے نجی زندگی، شادی کے دباؤ اور محبت سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ زندگی میں ہم نشین کا ہونا ضروری ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اس سے شادی بھی ہو، بچے بھی ہوں، اور آپ ان بچوں کی پرورش کریں۔

توثیق حیدر کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے ضروری ہے کہ انسان اپنے آپ سے، اپنی ذات سے محبت کرے، محبت کے لیے ہمیشہ کسی دوسرے پر انحصار نہیں کرنا چاہے کہ کوئی آئے گا اور وہ ہم سے محبت کرے گا بلکہ ہمیں خود سے محبت کرنا سیکھنا چاہیے۔ یہ آپ کو جوان اور تازہ دم رکھتا ہے۔

اداکار کا کہنا ہے کہ انسان کی زندگی پیاز کی طرح ہے، اس میں دکھ اور مایوسی کی مختلف تہیں ہیں اور پھر خوشی اور سکون کی تہیں بھی ہیں۔ آپ کو یہ سیکھنا ہوگا کہ اپنی توجہ خوشی پر مرکوز کریں۔

دورانِ انٹرویو ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محبت ایک سے زیادہ بار ممکن ہے۔ ایک شخص بار بار محبت میں پڑ سکتا ہے، اس میں مرد یا عورت کا کوئی فرق نہیں ہے اور نہ ہی اس میں شرمندگی محسوس کرنے کی کوئی بات ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ البتہ بیک وقت 2 لوگوں سے محبت نہیں ہوسکتی، آپ کو ہمیشہ اپنے ساتھی کے ساتھ وفادار رہنا چاہیے، کبھی اسے دھوکا نہیں دینا چاہیے لیکن اگر آپ ایک بار محبت کھو دیں تو آپ دوبارہ محبت کر سکتے ہیں۔

انہوں نے والدین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے بچوں خصوصاً بیٹیوں پر شادی کے لیے دباؤ ڈالنا بند کریں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ایک انٹرویو میں توثیق حیدر اس بات کا اعتراف کرچکے ہیں کہ انہیں محبت ہوئی تھی لیکن جن سے انہیں محبت ہوئی ان سے شادی نہیں ہوسکی، جس کا انہیں کوئی غم نہیں ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید