کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) ملک بھر کی طرح نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا یوم ولادت کراچی میں بھی مذہبی جوش و جذبے،عقیدت واحترام سے منایا گیا۔ ہفتے کوجشن صبح بہاراں کا آغاز بارگاہ رسالت میں ہدیہ درود و سلام، اجتماعی دعاؤں سے ہوا،شہر بھر میں نعتیہ محافل، سیرت النبیؐ کے جلسوں کا انعقاد ہوا اور ریلیاں نکالی گئیں، اس موقع پر جماعت اہلنست کے تحت جشن ولادت کا مرکزی جلوس جماعت اہلسنت کے امیر علامہ سید شاہ عبد الحق قادری اور دیگر علمائے کرام کی قیادت میں میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہوا اور اپنے روایتی راستے ایم اے جناح روڈ سے ہوتا ہوا نشتر پارک پہنچا جہاں جشن میلاد النبی کانفرنس ہوئی، جلوس میں گورنر سندھ کا مران خان ٹیسوری،ایم کیو ایم پاکستان کےرہنما فاروق ستار سمیت دیگر نے بھی شرکت کی،تحریک لبیک پاکستان ،سنی تحریک۔برکاتی فاؤنڈیشن، المصطفی ویلفیئر ٹرسٹ سمیت مختلف تنظیموں نے استقبالیہ کیمپس اور سبیلیں لگائی تھیں ،علاوہ ازیں لیاقت آباد،فیڈرل بی ایریا،گلہبار ،سولجر بازار، کورنگی ،نیوکراچی سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں ربیع الاول کے جلوس نکالے گئے جس میں عاشقان مصطفی نے بھر پور شرکت کی،جلوس کی گزرگاہ ےاطراف کو کینٹینرز لگاکر مکمل طور پر بند کردیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سنی تحریک کی جانب سے مرکزی میلاد ریلی لیاقت آباد ڈاکخانہ سے میٹھادر چھٹن شاہ بابا مزار تک نکالی گئی، قیادت چیئرمین پاکستان سنی تحریک انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے کی، مرکزی صدر صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری اور مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ علامہ بلال سلیم قادری شامی بھی موجود تھے، دریں اثنا پاکستان سنی تحریک کا عظیم الشان میلاد جلوس مرکز اہلسنت سے سربراہ محمد شاداب رضا نقشبندی کی قیادت میں نمائش چورنگی پہنچا، شرکاء نے فضاکو نعرہ تکبیر اللہ اکبر،نعرہ رسالت یارسول اللہ،تاجدار ختم نبوت ﷺزندہ کے نعروں سے معطر کردیا، اس موقع پر نائب سربراہ محمدشاہد غوری مرکزی رہنماؤں فہیم الدین شیخ، ارکان کراچی رابطہ کمیٹی اور جید علماء کرام بھی موجود تھے۔تحریکِ لبیک پاکستان کراچی ڈویژن کے زیراہتمام ریلی کراچی پریس کلب سے شروع ہوکر مزار سیدنا عبد اللہ شاہ غازی پر اختتام پزیر ہوئی، علامہ حافظ سعد حسین رضوی نے شرکاء سے خطاب کیا۔