کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں ہفتہ اور اتوار کو ٹریفک حادثات میں رینجرز اہلکار سمیت6افرا د جاں بحق ہوگئے، تفصیلات کے مطابق مین سپر ہائی وے نئی سبزی منڈی کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار22سالہ نور محمد ولد محمد عیسی ٰ جاں بحق اور 17سالہ نجیب ولد عزیر زخمی ہو گیا ،پولیس کاکہنا ہےکہ نور محمد پاکستان رینجرز سندھ کا اہلکار تھا فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکا ہےکہ حادثہ کس طرح پیش آیا ،راشد منہاس روڈ شاپنگ مال کے قریب ٹریفک حادثے میں 31 سالہ شہبازولد لیاقت جاں بحق ہوگیا ، پولیس کے مطابق متوفی ٹرک کا کلینر،ٹرک کےٹائرکاپنکچرلگوارہا تھا کہ تیزرفتار کار نے اسے ٹکرماردی، گاڑی کا ڈرائیورموقع پر سے فرار ہوگیا،دریں اثنا 12ربیع الاول کومین نیشنل ہائی وے گلشن حدید چوک کے قریب ٹریلر کی زد میں آکر موٹرسائیکل سوار 2 افراد 20سالہ انس ولد جاوید اور 22 سالہ معیز ولد سلیم جاں بحق ہوگئے جو لائنز ایریا کے رہائشی ہیں ، دونوں کراچی سے موٹر سائیکلوںپر اپنے دیگر دوستوں کے ساتھ ٹھٹھہ گئے تھے واپسی میں حادثہ کا نشانہ بنے اور ٹریلر کے پچھلے ٹائروں تلے کچلے گئے ،پولیس نے ٹریلراور ڈرائیور زاہد خان کو تھانہ منتقل کردیا، پورٹ قاسم کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 30سالہ ارباز ولد یوسف جاں بحق اور ارمان ولد حیدر زخمی ہوگیا ، سپر ہائی وے زکریا گوٹھ پل کے قریب ٹرک سے گر کر 10 سالہ کاشف ولد لال محمد جاں بحق ہوگیا، پولیس کا کہنا ہے حادثہ اتفاقیہ طور پر پیش آیا ، متوفی زکریا گوٹھ کا ہی رہائشی تھا ۔