• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا میں کرکٹ پر حکمرانی کی جنگ آج سے شروع، افغانستان اور ہانگ کانگ افتتاحی میچ میں مدمقابل

دبئی (عبدالماجد بھٹی) تین ملکی کرکٹ ٹورنامنٹ کی پہلی آزمائش میں پاکستان ٹیم سرخرو رہی۔ البتہ گرین شرٹس کا اصل امتحان منگل سے شروع ہونے والے ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی میں ہوگا۔ خطے میں کرکٹ کی حکمرانی کی جنگ کا آغاز ہانگ کانگ اور افغانستان کے درمیان میچ سے ہورہا ہے۔ اس جنگ میں دفاعی چیمپئن بھارت کے علاوہ سری لنکا اور بنگلہ دیش جیسی ٹیمیں بھی حصہ لیں گی۔ کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان ہی ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیم ہے، ایشیا کپ کیلئے مکمل تیار ہیں۔ ٹورنامنٹ میں ہر ٹیم اچھی ہوتی ہے، جس دن آپ اچھا کھیلیں گے، جیت آپ کی ہوگی۔ امید ہے کہ صاحبزادہ فرحان اور محمد حارث فارم میں واپس آئیں گے۔ سہ فریقی فائنل میں شارجہ کی وکٹ دیکھ کر افغانستان کے خلاف اسپنرز کھلانے کا فیصلہ کیا تھا۔ محمد نواز کو اکثر انڈر اسٹیمیٹ کیا جاتا ہے، انہوں نے ہمیشہ میچ وننگ پرفارمنس دی ہے۔ اس مرتبہ یہ ٹورنامنٹ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے تحت کھیلا جارہا ہے۔ اس سے قبل 2016 اور 2022 میں بھی یہ ٹورنامنٹ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے تحت کھیلا گیا تھا۔2016 میں یہ ٹورنامنٹ بھارت نے جیتا تھا جبکہ 2022 میں سری لنکا فاتح بنا تھا۔ پاکستان نے ابتک دو مرتبہ 2000اور 2012 میں ایشیا کپ جیتا ہے۔ بھارت نے8 مرتبہ اور سری لنکا نے 6 مرتبہ کامیابی حاصل کی ہے۔ پاکستان گروپ اے میں بھارت، متحدہ عرب امارات اور عمان کی ٹیموں کے ساتھ ہے۔ عمان پہلی مرتبہ ایشیا کپ میں حصہ لے رہا ہے۔ گروپ بی سری لنکا، بنگلہ دیش افغانستان اور ہانگ کانگ کی ٹیموں پر مشتمل ہے۔ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ 9 ستمبر کو افغانستان اور ہانگ کانگ کے درمیان ابوظبی میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ 12 ستمبر کو عمان کے خلاف دبئی، دوسرا میچ 14 ستمبر کو بھارت کے خلاف دبئی جبکہ اس کا آخری گروپ میچ 17 ستمبر کوعرب امارات کے خلاف دبئی میں ہوگا۔ دونوں گروپ سے دو دو ٹاپ ٹیمیں سپر فور میں جگہ بنائیں گی ۔ پاکستان ٹیم متحدہ عرب امارات میں افغانستان اور میزبان متحدہ عرب امارات کے ساتھ کھیلی گئی سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت کر ایشیا کپ میں آئی ہے ۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے اس سال مجموعی طور پر 19 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں جن میں اس نے 11 جیتے ہیں اور 8 میں اسے شکست ہوئی ہے۔ اس نے سہ فریقی سیریز سے قبل بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتی ہیں۔ پاکستان ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ سلمان علی آغا ( کپتان ) ، صاحبزادہ فرحان ،صائم ایوب، فخرزمان، حسن نواز، محمد حارث ، محمد نواز، حسین طلعت، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، شاہین آفریدی ، حارث رؤف، ابراراحمد، صفیان مقیم ،حسن علی ،محمد وسیم جونیئر اور سلمان مرزا۔

اسپورٹس سے مزید