کراچی (ٹی وی رپورٹ) 8ستمبر کی مناسبت سے جیوکے خصوصی پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ کا آغاز میزبان حامد میر نے پی این ایس تیمور سے کیا جہاں انہوں نے پاکستان نیوی ڈے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پی این ایس ایک ہی وقت میں بتیس میزائل فائر کرسکتا ہے۔اسسٹنٹ چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز) کموڈور رائو احمد عمران انور نے کہا کہ دنیا کے کسی ملک پر انحصار نہیں کرتے ہماری ٹیکنالوجی دنیا کے کسی بھی ترقی یافتہ ملک کے ساتھ رکھی جاسکتی ہے، پاک بحریہ نے ایک ٹاسک فورس 88 بنائی ہے جو گوادر میں ہی موجود ہے جس کی ذمہ داری ہے گوادر پورٹ کی حفاظت کرناہے، وہاں موجود پاکستان نیوی کے کیپٹن (ریٹائرڈ) احمد ظہیرنے کہا کہ 1965میں پاکستان نے اپنے سے تین گنا بڑی نیوی کو شکست دی تھی اس لیے 8ستمبر پاکستان نیوی سے مخصوص ہے۔ ریئر ایڈمرل (ریٹائرڈ) فواد امین بیگ نے کہا کہ جب بھی کوئی جنگ ہوتی ہے اس میں دشمن کی تعداد اتنے معنی نہیں رکھتی جتنا جذبہ ، حکمت عملی اور قوم کی سپورٹ معنی رکھتی ہے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ حالیہ جنگ میں پوری قوم ہمارے ساتھ کھڑی تھی اور پاک بحریہ کو ناصرف عوام سے مکمل سپورٹ تھی بلکہ دیگر افواج سے بھی میں اپنے لیڈر کی بات کرنا چاہوں گا ۔