کراچی (اسٹاف رپورٹر)داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں گزشتہ روز 1500واں عید میلاد النبی ﷺ نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا ۔ ملکی سلامتی کے حوالے سے یوم دفاع اور بیچ 2025ء کی اورینٹیشن تقاریب بھی منعقد ہوئی۔ اس تقریب نے نئی تعلیمی زندگی کے آغاز کو نبی اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ کی برکتوں سے ہم آہنگ کردیا۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک، نعت رسول مقبول ﷺ اور قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد نبی کریم ﷺ کی حیاتِ طیبہ پر مبنی دستاویزی فلم پیش کی گئی۔وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین (ستارہ امتیاز ، تمغہ امتیاز) نے اسوہ حسنہ ﷺ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سیرت نبی ﷺ اخلاقی زندگی ، استقامت اور نوجوانوں کیلئے ایک با مقصد زندگی گزارنے کا عملی خاکہ ہے ۔ علاوہ ازیں یوم دفاع کے حوالے سے افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے بھی تقریب منعقد ہوئی ، وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین نے پرچم کشائی اور یوم دفاع کا کیک کاٹا، اس موقع پر 1965ء کی جنگ کے حوالے دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی اور ملی نغموں پر مشتمل کانسرٹ بھی منعقد اور شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا، دونوں مذکورہ تقاریب کے ساتھ داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں داخلہ لینے والے نئے طلبہ و طالبات بیج 2025-26ء کیلئے تعارفی سیشن کا اہتمام کیا گیا،شعبہ انجینئرنگ اور شعبہ کمپیوٹر سائنس کے تمام طلباء اور ان کے والدین نے اورینٹیشن سیشن میں شرکت کی ۔