محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا سسٹم کمزور ہو کر ڈپریشن کی صورت میں وسطی سندھ میں موجود ہے، یہ سسٹم حرکت کرتے ہوئے آئندہ 12 گھنٹوں میں کم دباؤ میں تبدیل ہوجائے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس سسٹم کے باعث سندھ میں طاقتور مون سون ہوائیں داخل ہو رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سندھ کےمختلف اضلاع میں کل تک وقفےوقفے سے ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، کہیں درمیانی سے معتدل اورکہیں شدید موسلادھار بارش کا ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارشوں سے اربن فلڈنگ اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خطرہ ہے جبکہ دادو کے پہاڑی ندی نالوں میں شدید طغیانی کا خدشہ ہے، بارش کے باعث حب ڈیم میں پانی کی سطح بھی بلند ہو سکتی ہے، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مزید بارشیں صورتحال کو بگاڑ سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے یہ بھی بتایا کہ تیز جھکڑ کمزور ڈھانچوں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز، گاڑیاں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچا سکتےہیں۔
محکمہ موسمیات نے ہدایت کی کہ کسان سرگرمیوں کو موسم کی پیشگوئی کو مدِنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دادو،جامشورو، تھرپارکر، حیدرآباد،ٹھٹھہ، بدین، سجاول، عمرکوٹ، مٹیاری، ٹنڈومحمدخان، ٹنڈوالہ یار، میرپورخاص، سانگھڑ، شہید بینظیرآباد میں بارش ہو رہی ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ کراچی میں بھی کل تک وقفے وقفے سے تیز ہواؤں کے ساتھ اکثر مقامات پر بارش جاری رہے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں بعض مقامات پر موسلادھار سے شدید موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔