کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیو کراچی میں واقعہ گارمنٹس فیکٹری میں لگی آگ پر قابو پانے کے دوران فیکٹری کی عمارت زمین بوس ہوگئی جسکے باعث فائر بریگیڈ آفیسر اور کوریج پر مامور نجی نیوز چینل کا کیمرہ مین سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے،تاہم فائر فائٹرز نے طویل جدوجہد بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق نیو کراچی انڈسٹریل ایریا تھانہ کی حدود نیوکراچی سیکٹر 8 میں واقع سعادات ہوٹل کے قریب گارمنٹس فیکٹری کے گراؤنڈ فلورمیں منگل کی صبح اچانک آگ بھڑک اٹھی جو دیکھتے ہی دیکھتے تیز ہوتی چلی گئی اور آگ نے پوری فیکٹری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ،آگ لگنے کی اطلاع پرپولیس اورریسکیو ادارے موقع پرپہنچ گئے اور فوری طورپرکے ایم سی فائر بریگیڈ کی 2فائر ٹینڈر بھی موقع پرپہنچ گئیں اورآگ پرقابو پانے کیلئے امدادی کارروائیوں کاآغازکردیا گیا ،سب سے فیکٹری میں موجود ملازمین کو بحفاظت فیکٹری سے باہر نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا، آگ کی شدت کا اندازہ لگاتے ہوئے مزید فائر ٹینڈرزکو موقع پرطلب کرلیا گیا ، آگ بے قابو ہوکرمزید دو فیکٹریوں تک پہنچ گئ، فائر بریگیڈ کی مزید گاڑیوں کو طلب کرکے ان فیکٹریوں میں لگنے والی آگ پرقابو پانے کیلئے آپریشن کا آغاز کردیا گیا۔ گاارمنٹس فیکٹری اور متصل فیکٹروں میںآگ پر قابو پانے کیلئے آپریشن جاری تھا کہ گارمنٹس فیکٹری آگ کی شدت کے باعث زور دار دھماکے ساتھ زمین بوس ہوگئی ،3 منزلہ عمارت کے زمیں بوس ہوتے ہی علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور موقع پر بھگدڑ مچ گئی۔ فیکٹری کی عمارت گرنے کے باعث آگ بجھانے کے آپریشن میں شامل گلستان جوہر فائراسٹیشن آفسر بلند اقبال ولد بشیر،حولدار اسماعیل ولد ممتاز، اسلم ولد حضور بخش،اویس اورنجی ٹی وی چینل کا کیمرامین ذیشان مرغوب زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔ جبکہ طویل جدوجہد کے بعد گارمنٹس اور اسکے ساتھ متصل فیکٹری میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا۔ فائر آفیسر کے مطابق کولنک کا عمل جاری ہے جو کہ دو سے تین دن تک جاری رہ سکتا ہے، آگ کے باعث مالی نقصان کا تخمینہ حتمی رپورٹ کے بعد واضح ہوسکے گا۔