کراچی( اسٹاف رپورٹر ) چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی ہدایت پرکراچی کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران شہر میں بارش کا نیا اسپیل متوقع ہے۔ چیف سیکریٹری نے کمشنر کراچی کو ہدایت دی ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی ادارے عوامی خدمت کے لیے فیلڈ میں نکلیں اور فوری اقدامات کریں۔ کمشنر کراچی نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور بلدیاتی عملے کو ہدایت دی ہے کہ وہ بارش کے نئے اسپیل کے لیے مکمل تیاری رکھیں۔ کمشنر کراچی نے مزید کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز اور میونسپل کمشنرز فوری طور پر ندی نالوں اور نکاسی آب کی صورتحال کا جائزہ لیں اور عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے ضروری مشینری کا انتظام یقینی بنائیں۔ انہوں نے ٹریفک پولیس کو ہدایت دی کہ بارش کے دوران ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے موثر اقدامات کریں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ مزید برآں، کمشنر کراچی نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کی فراہم کردہ مشینیں نکاسی آب کے لیے ہمہ وقت تیار رکھی جائیں۔