کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )شہر میں جاری بارش کے باعث آج تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔کمشنر کراچی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں مون سون بارش اور محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے پیش نظر حکومت سندھ نے 10 ستمبر 2025 بروز بدھ کو تمام تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کیا ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کراچی ڈویژن کی حدود میں تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بدستور بند رہیں گے۔ قبل ازیں چیئرمین آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن حیدر علی نے اعلان کیا ہے کہ مسلسل بارش کی وجہ سے بدھ کو کراچی کے تمام پرائیویٹ اسکولز اور کالجز بند رہیں گے۔ دریں اثناء چیئرمین پسماء سید دانش الزماں نے بھی اسکول بند رکھنے کا اعلان کردیا ہے اور کہا ہے کہ شہر کراچی میں محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارشوں کی پیشنگوئی کے باعث پسماء کے زیر انتظام چلنے والے تمام نجی تعلیمی ادارے کل بروز بدھ 10 ستمبر بند رہیں گے۔