اسلام آباد (نیوز رپورٹر)10سے 13 ستمبر کے دوران سیکورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے علاقوں باجوڑ، وزیرستان اور دیر میں آپریشنز کے دوران انڈین پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 45خوارج کو جہنم واصل کر دیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 19جوان شہید ہوگئے، باجوڑ میں 22 ، جنوبی وزیرستان 13 ، دیر میں10خوارج مارے گئے، دیر میں یرغمال شہریوں کو بچاتے ہوئے 7جوان شہید ہوئے، صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نےدہشت گردوں کیخلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین اور شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے ضلع باجوڑ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران پاک فوج کے دستوں نے خوارج کے مقام پر موثر طریقے سے کارروائی کی اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد22 بھارتی اسپانسرڈ خوارج کو جہنم واصل کر دیا ۔اسی طرح جنوبی وزیرستان کے ضلع میں ہونے والے ایک اور مقابلے میں سکیورٹی فورسز نے مزید 13 خوارج کو ہلاک کر دیا، تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران دھرتی کے 12 بہادر بیٹوں نے بہادری سے لڑتے ہوئیاپنی قربانی پیش کی اور شہادت کو گلے لگا لیا۔ہندوستانی سرپرستی میں ہلاک ہونے والے خوارج جو ان علاقوں میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے ان سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔انٹیلی جنس رپورٹس نے واضح طور پر ان گھنانے کاموں میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کی تصدیق کی ہے۔ اس کے علاوہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کا استعمال تشویش کا بھی باعث بنا ہوا ہے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان توقع کرتا ہے کہ افغان حکومت اپنی ذمہ داریوں کو نبھائے گی اور ہمارے خلاف دہشت گردی کی سرگرمیوں کیلئے اپنی سرزمین کے استعمال سے انکار کریگی۔ علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی بھارتی اسپانسرڈ خارجی کو ختم کرنے کے لیے کلین اپ کی کارروائیاں کی جا رہی ہیں، پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔\ادھر سیکورٹی فورسز نے صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے دیر میں کارروائی کرتے ہوئے بھارتی اسپانسرڈ 10 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ آپریشن کے دوران یرغمال بنائے شہریوں کی جانیں بچاتے ہوئے 7 جوان شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 11 ستمبر 2025 کو سیکورٹی فورسز نے بھارتی پروکسی فتنۃ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر لوئر دیر کے عمومی علاقے لال قلعہ میدان میں آپریشن کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 10 بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں وطن کے 7 بہادر سپوتوں نے معصوم شہریوں کو بچاتے ہوئے شہادت کا درجہ حاصل کیا، ان سویلین کو بھارتی حمایت یافتہ خوارج نے یرغمال بنا رکھا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے جوانوں میں شمالی وزیرستان کے 39 سالہ نائیک عبدالجلیل، لکی مروت کے 38 سالہ نائیک گل جان، لکی مروت کے 28 سالہ لانس نائیک عظمت اللہ، ضلع خیبر کے 28 سالہ سپاہی عبدالملک، مالاکنڈ کے 27 سالہ سپاہی محمد امجد، صوابی کے 23 سالہ سپاہی محمد داؤد، ڈیرہ اسمعیٰل خان کے 21 سالہ سپاہی فضل قیوم شامل ہیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے باجوڑ اور جنوبی وزیرستان میں شہید ہونے والے سکیورٹی فورسز کے 12 جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ الخوارج اور ان کے سرپرستوں کو شکست دی جائے گی۔ اصدر مملکت نے بہادر سپاہیوں کی قربانی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کیخلاف کامیاب کاروائیوں پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعظم نےکا ضلع جنوبی وزیرستان کے آپریشن میں دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سیکورٹی فورسز کے 12 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔وزیراعظم نے شہداء کی بلندیء درجات کی دعاء کی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا میں 2 مختلف آپریشنز میں فتنہ الخوارج کے 35 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کرتے ہوئے ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔انہوں نے خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے والے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو سلام بھی پیش کیا ۔