کابل (جنگ نیوز) کابل میں امریکی قیدیوں کے معاملے پر طالبان اور واشنگٹن کے مذاکرات ، امریکی ایلچی ایڈم بوہلر اور زلمے خلیل زاد کی طالبان قیادت سے ملاقات ، طالبان کا کہنا ہےمحمود حبیبی ہماری تحویل میں نہیں، واشنگٹن اس معاملے کو تعلقات میں سب سے بڑی رکاوٹ سمجھتا ہے،طالبان کا رابطوں و سرمایہ کاری پر زور۔ کابل میں امریکی حکام نے طالبان قیادت سے ملاقات کی، جس کا مرکزی نکتہ افغانستان میں قید یا لاپتہ امریکی شہریوں کی رہائی تھا۔ خصوصی ایلچی ایڈم بوہلر اور زلمی خلیل زاد نے وزیرِ خارجہ امیر خان متقی سے مذاکرات کیے، جبکہ طالبان نے واضح کیا کہ وہ امریکی شہری محمود حبیبی کو اپنی تحویل میں نہیں مانتے، جو تین سال سے لاپتہ ہیں۔ واشنگٹن اس معاملے کو افغانستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے میں سب سے بڑی رکاوٹ سمجھتا ہے۔گزشتہ برس امریکہ نے حبیبی کے بدلے گوانتاناموبے میں قید افغان محمد رحیم الافغانی کے تبادلے کی پیشکش کی تھی، جسے طالبان نے مسترد کر دیا۔