کراچی (اسٹاف رپورٹر)انسدادِ دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے ملک مخالف سرگرمیوں اور اشتعال انگیز تقریر کے مقدمے میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کی رہنما ماہ رنگ بلوچ کی ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے فیصلے میں کہا کہ مدعی مقدمہ نے مقدمہ درج کرایا لیکن کوئی پرائیویٹ گواہ پیش نہیں کیا۔ کراچی سینٹرل جیل انسداد دہشت گردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت نمبر 5نے ملک مخالف سرگرمیوں اور اشتعال انگیز تقریر کے مقدمے میں ماہ رنگ بلوچ کی درخواست ضمانت کا فیصلہ سنادیا۔ عدالت نے ماہ رنگ بلوچ کی ایک لاکھ روپے میں ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے فیصلے میں کہا کہ کیس کے تفتیشی افسر نے جائے وقوعہ کے معائنے کے وقت بھی کسی پرائیویٹ شخص کو گواہ نہیں بنایا۔ کیس کے تفتیشی افسر نے ملزمہ کو چالان میں مفرور قرار دیا تھا۔ ملزمہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ماہ رنگ بلوچ کوئٹہ میں درج مقدمے میں گرفتار ہیں اور ریمانڈ پر ہے۔ ملزمہ کے وکیل کا موقف ہے کہ تفتیشی افسر نے 10 ماہ کی تاخیر سے کیس کا چالان جمع کرایا ہے۔ تفتیشی افسر چالان میں تاخیر سے متعلق وجوہات نہیں بتا سکے۔ پولیس کے مطابق ماہ رنگ بلوچ کیخلاف قائد آباد تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔