• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بزنس کمیونٹی نے پنجاب کو 12 صوبوں میں تقسیم کرنے کی حمایت کردی

فیصل آباد (آن لائن) ملک کی بزنس کمیونٹی اورصنعتکاروں نے پنجاب کو مجوزہ بارہ صوبوں میں تقسیم کرنے کی حمایت کردی، وسائل کی منصفانہ تقسیم نہیں ہورہی فیصل آباد بھی ایک الگ صوبہ ہونا چاہئے، پنجاب میں نئے صوبے بننے سے انتظامی امور کو بہتر طور پر چلانے اور جلد فیصلہ سازی میں بھی مددملے گی، اس سے نہ صرف پنجاب کی تیز رفتار ترقی کو یقینی بنایا جاسکے گا بلکہ وسائل کی منصفانہ تقسیم سے لوگوں میں احساس محرومی کو بھی کم کرنے میں مدد ملے گی۔ یہ بات سابق وزیر اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے پیٹر ن اِن چیف ایس ایم تنویر ، فیڈریشن آف پاکستان چیمبر ز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرعاطف اکرام شیخ، فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ، سابق صدر فیصل آباد چیمبر میاں جاوید اقبال اور ایف پی سی سی آئی کی نائب صدر محترمہ قرۃ العین اور دیگر فیصل آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مسٹر ایس ایم تنویر نے کہا کہ آبادی کے پھیلاؤ کی وجہ سے پنجاب کو چلانے میں انتظامی مشکلات درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے معاملات میں ہمیں پتہ ہی نہیں چلتا کہ ان معاملات کی منظوری لاہور سے ملنی ہے یا اسلام آباد سے۔ انہوں نے کہا کہ نئے صوبے بنانے سے ممکن ہے ٹیکسوں میں معمولی ردو بدل کرنا پڑے مگر اسکے برعکس اس سے لوگوں کو فائدے زیادہ ملیں گے ۔
اہم خبریں سے مزید