لاہور (نیوزرپورٹر) صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب کے مطابق راوی ستلج اور چناب میں سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں جاں بحق شہریوں کی تعداد 101 ہوگئی ہے۔شدید سیلاب کے باعث پنجاب میں 45 لاکھ 70 ہزار لوگ اور 4700 سے زائد موضع جات متاثر ہوئے ہیں۔ ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کے مطابق متاثرہ علاقوں سے 25 لاکھ 12 ہزار لوگوں اور 20 لاکھ 19 ہزار سے زائد جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔متاثرہ اضلاع میں 392 ریلیف کیمپس، 493 میڈیکل کیمپس اور 422 ویٹرنری کیمپس بھی قائم کیے ہیں۔ اوچ شریف میں سیلاب سے 20 سے زائد دیہات کے ساتھ زمینی رابطہ منقطع ہو گیا، اوچ شریف میں ہسپتال، تعلیمی ادارے اور بنیادی ڈھانچہ جات بھی سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔دریائے چناب نے جلالپور پیر والا میں تباہی مچانے کے بعد تحصیل شجاع آباد کا رخ کر لیا، شجاع آباد شہر کو بچانے والے بند میں 250 فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا، پانی شہر کی جانب بڑھنے لگا، درجنوں بستیاں سیلابی پانی میں ڈوب گئیں، ہزاروں شہری دربدر ہو گئے۔موضع دھوندھو کابند ٹوٹنے سے متعدد بستیاں زیر آب آئی ہیں اور پانی کی بے رحم لہریں 138 بستیاں بہا لے گئی ہیں، بستی گا گراں میں فصلیں تباہ ہو گئیں، لوگوں کی نقل مکانی جاری ہے۔